سرکاری ملازمین عوام کو ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے طریقہ کار سے آگاہ کریں،سیکرٹری آبپاشی

ہفتہ 27 جولائی 2013 20:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔27جولائی۔2013ء) حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ آبپاشی و پیڈا کے دفتر میں انسداد ڈینگی ڈے بھر پور طریقے سے منایا گیا اس موقع پر سیکرٹری آبپاشی کیپٹن (ر) زاہد سعید نے اریگیشن ہیڈ کوارٹرز کا معائنہ کیا اور عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے تا کہ ڈینگی لاروا کہیں بھی پرورش نہ پاسکے۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری آبپاشی وسیم رضا جعفری، ڈپٹی سیکرٹری( جنرل) سارہ راشد ،چیف انجینئر لاہور زون نذیر انجم، سیکرٹری پیڈا افضل انجم طور، ایکسیئن ریسرچ نجم الثاقب رحمانی کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ سیکرٹری آبپاشی نے معائنے کے دوران محکمہ آبپاشی افسران و عملے کو ہدایت کی کہ ڈینگی ڈے منانے کا مقصد اس عزم کا اظہار ہے کہ ہم اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تا کہ اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی صحت کا تحفظ بھی ممکن ہو سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ اس سلسلے میں تمام افراد صفائی کے عمل کو اپنی روزمرہ ترجیحات میں شامل کریں اور حکومت پنجاب کی انسداد ڈینگی مہم کامیاب بنانے میں انفرادی و اجتماعی سطح پر کام کریں تا کہ آئندہ نسلوں کو رہنے کے لئے صحت مند ماحول مہیا ہو اور رول ماڈل معاشرہ پر وان چڑھ سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے انسداد ڈینگی کی بابت رہنمائی کے بارے میں خاطر خواہ انتظامات کئے ہیں تا کہ ڈینگی جیسے موزی مرض سے ہر ممکن طور پر بچا جا سکے تا ہم سرکاری ملازمین پر یہ اضافی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے گردو پیش عوام الناس کو ڈینگی سے بچاوٴ کے بارے میں آگاہ کریں تا کہ معاشرے کو ڈینگی کے اثرات سے ہر ممکن طور پر محفوظ رکھا جا سکے۔

اس موقع پرسیکرٹری آبپاشی نے دفاتر میں ملازمین کی حاضری اور صفائی سے وابستہ سرگرمیوں پر اپنے اطمینان کا اظہا ر کیا۔ علاوہ ازیں پیڈا کے دفتر میں آگاہی ورکشاپ برائے ڈینگی کا اہتمام بھی کیا گیا جس سے فوکل پرسن برائے ڈینگی شاہد حبیب نے شرکاء کو ڈینگی سے محفوظ رہنے کے طریقوں سے تفصیلاً آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :