ڈینگی کی روک تھام کیلئے عوامی آگاہی ایک موثر ہتھیار ہے‘وزیر صحت خلیل طاہر سندھو

ہفتہ 27 جولائی 2013 20:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔27جولائی۔2013ء) وزیر صحت پنجاب خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ویژن کے مطابق صوبائی اور ضلعی حکومتیں اور متعلقہ محکمے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی ڈینگی کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے مربوط اقدامات کررہے ہیں‘ڈینگی کی روک تھام کے لیے عوامی آگاہی ایک موثر ہتھیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی جی ہیلتھ آفس میں اینٹی ڈینگی ڈے کے موقع پر عوامی آگاہی کے لیے بینرز سے آراستہ گاڑیوں کا قافلہ شہر کے لیے روانہ کرنے کے بعد میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر تنویر احمد، ڈائریکٹر ہیلتھ لاہور ڈویژن ڈاکٹر انعام الحق، ڈائریکٹر ہیلتھ (ہیڈکوارٹر) ڈاکٹر جمیل چوہدری ، ڈاکٹر درخشاں بدر، ڈاکٹر عتیق الرحمن اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ 2011ء میں ڈینگی کی بدترین وباء کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی حکمت عملی ، سرکاری اداروں، ہیلتھ ورکرز کی محنت، عوام کے بھرپورتعاون اور میڈیا کے موثر کردار کی وجہ سے 2012ء میں ڈینگی کا مرض پوری طرح کنٹرول میں رہااور بین الاقوامی سطح پر بھی ماہرین نے اس بات کا اعتراض کیا کہ اتنے مختصر عرصہ میں پنجاب میں ڈینگی پر موثر کنٹرول ایک کرشمہ ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اس سال بھی وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ڈینگی کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں اور یوم انسداد ڈینگی منانے کامقصد اس مسئلہ کی اہمیت کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنا اور عوامی سطح پر بھرپور آگاہی مہم چلانا ہے تاکہ اس مرض کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی صحت کے ساتھ ایک سماجی مسئلہ بھی بن چکاہے جس کے حل کے لیے بھرپور عوامی شرکت ضروری ہے۔

ا نہوں نے کہا کہ عوام اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں اور ڈینگی کی افزائش کے خاتمے کے لیے پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ اینٹی ڈینگی ڈے صوبے کے تمام اضلاع میں منایاجارہاہے اور عوام میں احتیاطی تدابیر پر مبنی پمفلٹس تقسیم کرنے کے علاوہ میڈیاکے ذریعے تشہیری مہم بھی چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی نشاندہی پر سرکاری اداروں کو بھی اصلاح کا موقع ملتاہے اور بیماریوں کی روک تھام ،عوامی شعور کو فروغ دینے میں ذرائع ابلاغ بہت اہم کردارادا کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیرصحت نے کہا کہ لاہور میں ڈینگی وائرس ون کاایک مریض سامنے آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی ون اس مریض کے لیے زیادہ خطرناک ہوتاہے جسے پہلے ڈینگی بخار ہوچکاہو۔ وزیرصحت نے کہا کہ حکومت کے موثر اقدامات کی بدولت ڈینگی کامرض اس سال بھی کنٹرول میں رہے گا۔

متعلقہ عنوان :