چینی بحریہ کا ہاسپٹل شپ ’پیس آرک کراچی پہنچ گیا،شپ ہاسپٹل میں پی این ایس شفا اور پی ایس راحت سمیت عام افراد بھی اپنا علاج کراسکیں گے، پاک بحریہ کے طبی ماہرین پیس آرک اسٹاف کے ساتھ میڈیکل کیمپس کے قیام میں معاونت کریں گے

پیر 29 جولائی 2013 20:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29جولائی۔2013ء) چینی بحریہ کا300بستروں پر مشتمل ہاسپٹل شپ ’پیس آرک کراچی پہنچ گیا۔ شپ ہاسپٹل میں پی این ایس شفا اور پی ایس راحت سمیت عام افراد بھی اپنا علاج کراسکیں گے ۔پیر کو چینی بحری جہاز کی آمد پر پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے اسے خوش آمدید کہا اور پورے اعزاز کے ساتھ بندرگاہ تک پہنچایا۔

کراچی آمد سے قبل یہ جہاز جبوتی، کینیا، تنزانیہ ، بنگلہ دیش ، کیوبا، کوسٹاریکا، جمیکا اور دیگر ممالک کا دورہ کر چکا ہے۔’پیس آرک، 300بستروں کا ہاسپٹل شپ ہے جس کا طبی عملہ 100افراد پر مشتمل ہے۔ شپ میں سٹی سکین ، کلر الٹرا ساؤنڈ، آٹو میٹک بایو کیمیکل اینالائزر، انیستھیزیا، سانس لینے کے آلات اور ہائر پریشر اسٹیریلائزیشن ڈس انفیکیشن مشین کی سہولیات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ہاسپٹل شپ میں متعدد خصوصی میڈیکل کے شعبے بھی قائم ہیں جن میں کارڈیو ویسکیولر، میڈیسن ، جنرل سرجری، آرتھو پیڈک، نیورو سرجری ، ڈینٹل اور بلڈ ٹرانسفیوژن کے شعبہ جات شامل ہیں۔ پیس آرک میں 20انتہائی نگہداشت کے یونٹس کے علاوہ 8آپریشن تھیڑز بھی موجود ہیں جن میں 40بڑے آپریشنز بیک وقت کیے جاسکتے ہیں۔ پاکستان نیوی کے طبی ماہرین بھی پیس آرک اسٹاف کے ساتھ میڈیکل کیمپس کے قیام میں معاونت کریں گے۔ پاکستان نیوی نے پیس آرک پر موجود ماہرین کی ٹیموں کے ساتھ طبی موضوعات پر سیمینارز اور مباحثوں کا بھی اہتمام کیا ہے جس سے دونوں اطراف کے ماہرین استفادہ حاصل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :