الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کیلئے پولنگ کی تاریخ 7 روز پیچھے کرکے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ، پیپلزپارٹی بائیکاٹ نہ کرتی تو اچھا ہوتا، ایم کیو ایم کو متوسط طبقے کا مینڈیٹ حاصل ہے ، یہ وقت سیاست نہیں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا ہے،مسلم لیگ (ن) کے رہنمااور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت

پیر 29 جولائی 2013 20:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29جولائی۔2013ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کے لئے پولنگ کی تاریخ کو سات روز پیچھے کرکے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ، اچھا ہوتا کہ پیپلزپارٹی بائیکاٹ نہ کرتی ، ایم کیو ایم کو متوسط طبقے کا مینڈیٹ حاصل ہے ، یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ ملک کو اقتصادی اور دیگر بحرانوں سے نکالنے کا ہے ۔

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج دہشت گردی کے خاتمے کے لے عملی کام کی ضرورت ہے ، اگر ہم اپنے آپ کو سچا پاکستانی سمجھتے ہیں تو ہمیں ڈرون حملوں کے متاثرین کے آنسو پونچھنے ہوں گے ۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں کرپشن ناقابل برداشت ہے اور کرپشن و بدعنوانی میں ملوث افراد کے لئے کارروائی سے ہرگز نہیں ہچکچائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پانچ سال بعد سرخرو ہوکر باہر نکلیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ صدارتی الیکشن میں پولنگ ڈے سات روز پیچھے کرکے الیکشن کمیشن نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ، اگر پیپلزپارٹی بائیکاٹ نہ کرتی اور صدارتی الیکشن میں حصہ لیتی تو زیادہ اچھا ہوتا ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہ اکہ ایم کیو ایم کے پاس درمیانے طبقے کا مینڈیٹ ہے ، اس سے بات چیت میں کوئی حرج نہیں ۔ پیپلزپارٹی کے بائیکاٹ سے صدارتی انتخاب متنازعہ نہیں ہوا جبکہ موجودہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ ملک کو اقتصادی ودیگر بحرانوں سے نکالنے کا ہے ۔