Live Updates

عمران خان کا یہودی لابی کا ایجنٹ کہنے پرمولانا فضل الرحمان کو عدالت لے جانے کااعلان ،عدالت میں فیصلہ ہو جائے گاکہ کون یہودی ایجنٹ ہے، انتخابات میں تاریخی دھاندلی پر 16 اگست کو وائٹ پیپر جاری کریں گے، توہین عدالت نہیں کی، 28 اگست سے پہلے جواب دیا جائے گا، حکومت ٹیکس اور بجلی چوروں کی کرپشن کی سزا تنخواہ دار اور ایماندار طبقے کو دے رہی ہے، جولائی کے مہینے میں 24فیصد مہنگائی ہوئی، خیبر پختونخوا میں معلومات تک رسائی، احتساب، لوکل گورنمنٹ اور خدمات کے حوالے سے قانون سازی کر رہے ہیں،ڈیرہ اسماعیل خان جیل پر حملے کی معلومات فوج ،ایلیٹ اور جیل پولیس کو تھی ، کسی نے مقابلے کرنے کی کوشش نہیں کی جو پوری قوم کے لیے قابل تشویش ہے، وفاقی حکومت ایف سی کو خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کرے، سپریم کورٹ ملک میں جمہوریت کو بچانے اور عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے انصاف کرے،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پریس کانفرنس

اتوار 4 اگست 2013 22:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔4اگست۔ 2013ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ان کو یہودی لابی کا ایجنٹ قرار دینے کے الزامات پر ان کے خلاف عدالتی چارہ جوئی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت میں فیصلہ ہو جائے گاکہ کون یہودی ایجنٹ ہے، انتخابات میں تاریخی دھاندلی پر 16 اگست کو وائٹ پیپر جاری کریں گے، توہین عدالت نہیں کی، 28 اگست سے پہلے جواب دیا جائے گا، حکومت ٹیکس اور بجلی چوروں کی کرپشن کی سزا تنخواہ دار اور ایماندار طبقے کو دے رہی ہے، جولائی کے مہینے میں 24فیصد مہنگائی ہوئی، خیبر پختونخوا میں معلومات تک رسائی، احتساب، لوکل گورنمنٹ اور خدمات کے حوالے سے قانون سازی کر رہے ہیں،ڈیرہ اسماعیل خان جیل پر حملے کی معلومات فوج ،ایلیٹ اور جیل پولیس کو تھی ، کسی نے مقابلے کرنے کی کوشش نہیں کی جو پوری قوم کے لیے قابل تشویش ہے، وفاقی حکومت ایف سی کو خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کرے، سپریم کورٹ ملک میں جمہوریت کو بچانے اور عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے انصاف کرے۔

(جاری ہے)

وہ اتوار کو تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مرکزی رہنما اسد عمر، ڈاکٹر شیریں مزاری، غلام سرور خان، ڈاکٹر شہزاد وسیم، نعیم الحق و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ان پر یہودی لابی کا ایجنٹ قرار دینے کے حوالے سے لگائے جانے والے الزامات پر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت میں معلوم ہو گا کہ یہودی ایجنٹ اور غدار کون ہے اور قوم کو عدالت کے ذریعے ہی یہ پتہ چلے گا کہ کس نے امریکی سفیر کو پیشکش کی تھی کہ انہیں ملک کا وزیر اعظم بنا دیا جائے تو جو آپ کے مطالبات ہوں گے ان کو مان لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کی توہین نہیں کی ہمیشہ عدلیہ کی آزادی اور خود مختاری کا قائل ہوں، توہین عدالت کے حوالے سے عدلیہ کو غلط فہمی ہوئی ہو گی جس کا 28 اگست کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے ملک میں جاری مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران جولائی کے مہینے میں سب سے زیادہ 24 فیصد مہنگائی ہوئی جس سے تنخواہ دار طبقے کا معاشی قتل ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ کے وقت حکومت کی جانب سے سیلز ٹیکس اور ان ڈائریکٹ ٹیکس لگائے جانے کے اقدام کو ہم نے مسترد کیا تھا اور کہا تھا کہ ان اقدامات سے ملک میں شدید مہنگائی کی لہر آئے گی اور جس کا پہلا فیز اب 24 فیصد مہنگائی کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا جو ملک میں تباہی لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ توہین عدالت نہیں کی 28 اگست کو اس حوالے سے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے گزشتہ دور حکومت میں کہا تھا کہ ملک میں بجلی اور ٹیکس کی چوری کی مد میں 600 ارب روپے غائب ہو رہے ہیں لیکن دو ماہ سے زائد کا عرصہ ہو گیا ہے موجودہ حکومت نے کرپشن روکنے کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کو مستحکم کر نے کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں اٹھا رہی اور ڈالر 104 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس سے پاکستان میں سر مایہ کاری کر نے والوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سرمایہ رکھنے والے امیر تر پاکستان میں عوام غریب ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین برس قبل چار لاکھ غیر قانونی بجلی کے کنکشن پکڑے گئے تھے لیکن آج تک واپڈا حکام جو اس ساری چوری میں ملوث تھے ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ نادرا کے مطابق ملک میں 30 لاکھ ایسے افراد ہیں جو امیر ہیں لیکن ٹیکس ادا نہیں کرتے۔ موجودہ حکومت بتائے کہ غریب عوام جو پہلے سے ٹیکس ادا کر رہی ہے ان پر ٹیکس میں تو اضافہ کر دیا ہے لیکن ٹیکس چوروں اور ٹیکس نیٹ میں جانے کے حوالے سے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کی ہمیشہ قدر کی ہے اور کبھی سپریم کورٹ کی توہین کے بارے میں تو سوچ بھی نہیں سکتا۔

اس حوالے سے سترہ سات پہلے جب تحریک انصاف میں اپنا ایجنڈا پیش کیا تھا تو آزاد عدلیہ پہلے نمبر پر تھی۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں ملک سے دھاندلی کے ذریعے جمہوریت کو چوری کیا گیا جس میں ریٹرننگ آفیسرز اور الیکشن کمیشن کا عملہ ملوث تھا۔ اس دھاندلی کوعوام کے سامنے بے نقاب کر نے کے لیے 16 اگست کو وائٹ پیپر جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں جہاں جہاں دھاندلی کی گئی ہے وہاں پر انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے تصدیق کی جائے تا کہ عوام کو پتہ چلے کہ ان کا مینڈیٹ کس طرح چوری کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں لوکل گورنمنٹ کا ایسا نظام لا رہے ہیں جو عوام کو با اختیار بنائے گا۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے مطابق پاکستان میں ڈرون حملے اس لیے ہو رہے ہیں کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کو روکنے کے لیے ناکام ہو رہی ہیں۔ ایک ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جان کیری کو میں نے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ پڑھ کر سنایا جس میں عدلیہ نے ڈرون حملوں کو پاکستان میں غیر قانونی قرار دیا ہے اور جس میں معصوم لوگ جانوں سے دھو بیٹھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکومتیں ڈرون حملوں میں مارے جانے والوں کے نام نہیں بتاتیں بلکہ ان کو چھپاتی ہیں کیونکہ ان کو معلوم ہے کہ اس حملوں میں معصوم لوگ اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان جیل کے حملے میں پوری قوم کو فکر کرنی چاہیے کیونکہ فوج، ایلیٹ ، جیل پولیس کو حملے کا پیشگی علم تھا لیکن باوجود اس کے کسی نے بھی مقابلے کر نے کی جرات نہیں کی۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک انکوائری کر رہے ہیں ۔ رپورٹ بہت جلد عوام کے سامنے لائی جائے گی۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں جمہوریت کو بچانے اور عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے انصاف کرے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات