انتہا پسند عناصر ملکی بنیادیں کھوکھلی کرنے کے درپے ہیں،مذموم عزائم کو قوم کے اتحاد کی طاقت سے شکست دیں گے، ملک کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کے واقعات پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے ، مقام افسوس ہے مارنے والا بھی کلمہ گو ہے اور مرنے والا بھی دہشت گردی اورانتہا پسندی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے تمام طبقات کو انتہائی موثر کردار ادا کر نے کے ساتھ قوم کو اکٹھا ہونا پڑے گا،کراچی میں دہشت گردی کی شدید مذمت، معصوم بچوں اور انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا لندن سے بیان ، دہشتگردی کے واقعات پر سخت افسوس کااظہار

بدھ 7 اگست 2013 19:56

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔7اگست۔2013ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کراچی کے علاقے لیاری میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے واقعہ میں معصوم بچوں اور دیگر انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔بدھ کو لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

افسوس کا مقام ہے کہ مارنے والا بھی کلمہ گو ہے اور مرنے والا بھی۔ معاشرے میں برداشت، تحمل اور رواداری کے جذبات کا جس طرح قتل عام کیاجارہاہے ،وہ باعث شرم اورقابل مذمت ہے۔ مذہب کے نام پر خون کی ہولی کھیلنے والے عناصر کا امن و آشتی کے دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں،انتہا پسند عناصر صرف اورصرف اپنا مخصوص ایجنڈا مسلط کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں اور ملک کی بنیادیں کھوکھلی کرنے کے درپے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کو اگر ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ملک سے انتہا پسندی اوردہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا اوراس ضمن میں معاشرے کے تمام طبقات کو انتہائی موثر اورفعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو اکٹھا ہونا پڑے گا، خصوصا علماء کرام اورمشائخ عظام پر بھاری دینی و قومی ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ وہ ملک میں اخوت و بھائی چارے ،تحمل وبرداشت اورمذہبی ہم آہنگی کے جذبات کو فروغ دیں تاکہ ملک حقیقی معنوں میں امن و آشتی کا گہوارہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہدہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے مذموم عزائم کو قوم کے اتحاد کی طاقت سے شکست دیں گے اورملک کو حقیقی معنوں میں قائد اوراقبال کا پاکستان بنائیں گے۔