صوبائی حکومت جعلی ادویات کیخلاف بھرپور مہم شروع کر چکی،جعلی ادویات کا کاروبار کرنیوالے اب بچ نہیں سکیں گے،خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی ڈرگ انسپکٹروں کو ہدایت

بدھ 7 اگست 2013 20:00

ُُپشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔7اگست۔2013ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت جعلی ادویات کے خلاف بھر پور مہم شروع کر چکی ہے اور صوبے بھر کے تمام ڈرگ انسپکٹروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ادویات کی دکانوں پر جا کر جعلی یا دو نمبر ادویات چیک کریں اگر کسی دکان یا سٹور پر جعلی ادویات پائی جائیں تو پہلے اُس دکاندار سے یہ معلوم کیا جائے کہ اُس کی دُکان پر جعلی ادویات کہاں سے آئیں ان کے بنانے اور تقسیم کرنے والے کون ہیں ۔

اگر دکاندار ڈرگ انسپکٹر کو اس حوالے سے معلومات فراہم کر دے تو دکاندار کو جرمانہ نہیں کیا جائے گا تاہم اگر دکاندار دکان میں معلوم جعلی ادویات کا سورس بتانے سے انکار کرے تو وہ سزا کا مستحق ٹھہرے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جعلی ادویات کاکاروبار انتہائی سنگین جرم ہے اور کسی کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے بھر میں ضلعی انتظامیہ اور ڈرگ انسپکٹر باہم ملکر اور مر بوط انداز میں جعلی ادویات کی بیخ کنی کریں گے اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی نئی حکومت نے ادویات کا کاروبار کرنے والے دکانداروں اور تاجروں کو خصوصی سر ٹیفکیٹ دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور صوبے بھر سے اُنہیں ایسے تاجروں اور دکانداروں کے بارے میں کلیرنس سر ٹیفکیٹ ملنا شرو ع ہو گئے ہیں جو جعلی کاروبار میں ملوث نہیں ہیں۔