اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کل اسلام آباد پہنچیں گے‘ پاکستانی قیادت سے خطہ کی صورتحال‘ لائن آف کنٹرول پر بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی‘ امریکی افواج کے انخلاء‘ پولیو کے خاتمہ ‘ خواتین کی تعلیم کے فروغ سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوگی

پیر 12 اگست 2013 13:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 12اگست 2013ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون پاکستانی قیادت سے خطہ کی صورتحال خاص طور پر لائن آف کنٹرول پر بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی‘ افغانستان سے امریکی افواج کا انخلاء‘ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ‘ خواتین کی تعلیم کے فروغ سمیت دیگر امور پر بات چیت کیلئے (آج) منگل کو اسلام آباد پہنچیں گے۔

بان کیمون صدر آصف علی زرداری وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر شخصیات سے ان ایشوز پر اہم ملاقاتیں کرینگے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی اسلام آباد میں قیام کے دوران یوم آزادی کی تقریب کے علاوہ انسداد پولیو اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں ہونے والی تقریب میں بھی شرکت کرینگے۔ ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پیدا شدہ کشیدگی کی صورتحال میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا یہ دورہ مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ پاکستانی قیادت اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھارتی قیادت کے جارحانہ رویے اور پاکستان کی طرف سے کشیدگی کے خاتمہ کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کرے گی۔