وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر 17 اگست کو دوبارہ اینٹی ڈینگی ڈے منایا جائیگا‘تمام سرکاری دفاتر میں خصوصی صفائی مہم چلائی جائے گی‘عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے سیمینارز،واکس کا اہتمام کیا جائے گا،نوٹیفیکیشن جاری،محکمہ صحت نے اپنے ذیلی دفاتر،تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کے سربراہوں کو ہدایات جاری کر دیں

پیر 12 اگست 2013 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔12اگست۔2013ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ڈینگی کے خاتمہ کے لئے 17 اگست بروز ہفتہ پورے صوبے میں میں یوم انسداد ڈینگی منایا جائے گا۔ اس دن تمام سرکاری دفاتر کھلے رہیں گے اور ڈینگی کی افزائش روکنے کے لئے خصوصی صفائی مہم چلائی جائے گی۔ ڈینگی کے بارے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے سیمینارز اور واکس کا اہتمام کیا جائے گا جس میں منتخب عوامی نمائندے بھی شرکت کریں گے۔

محکمہ صحت پنجاب نے یوم انسداد ڈینگی منانے کے لئے وائس چانسلرز کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی،یونیورسٹی آف ہیلتھ آف سائنسز،تمام سرکاری میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز،تمام ای ڈی اوز صحت کے علاوہ خود مختار طبی اداروں،سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ڈی جی ہیلتھ کے دفاتر اور دیگر ماتحت اداروں کے سربراہان کو احکامات جاری کر دئیے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔محکمہ صحت پنجاب کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈینگی کی افزائش کا سبب بننے والے کوڑا کرکٹ،ناکارہ اشیاء، پلاسٹک کی بوتلوں،پرانے ٹائروں اور تعمیراتی میٹریل کو جو ڈینگی لاروا کی افزائش کا ذریعہ بن سکتا ہے ،کو فوری طور پر ٹھکانے لگائیں اور تمام ہسپتالوں کی عمارات کی چھتوں اور دیگر مقامات کی صفائی کرکے نکاسی آب کا معقول انتظام کریں تاکہ ڈینگی مچھر کو روکا جا سکے۔

محکمہ صحت نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ یوم انسداد ڈینگی میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف کریں۔ناکارہ اشیاء میں پانی جمع نہ ہونے دیں،پانی کے برتن،ڈرم،پانی کی ٹینکیوں کو کھلا نہ چھوڑیں تاکہ گھروں کے اندر ڈینگی مچھر کی پیداوار کو روکا جا سکے۔ محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈینگی پر موثر کنٹرول کے لئے عوام کا بھرپور تعاون ناگزیر ہے۔