خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی میں مریضوں کے مفت علاج کا اعلان

ہفتہ 17 اگست 2013 21:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اگست۔2013ء) خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کے لیے مفت علاج کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے واقعات میں صوبہ خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے لہٰذا اب صوبائی حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈ میں لائے جانے والے مریضوں کے لئے مفت علاج کا اعلان کیا ہے جہاں دہشت گردی کے واقعات سمیت قدرتی آفات وحادثات سے متاثرہ مریضوں کا علاج مفت کیا جائے گا۔

عوام کو فری علاج کی سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کے لئے صوبائی حکومت نے ایک ارب روپے کا فنڈ مختص کیا ہے، ایمرجنسی کے مریضوں کو مفت علاج اور ادویات کے علاوہ مختلف تشخیصی ٹیسٹوں کی بھی مفت سہولت فراہم ہوگی، اس کے علاوہ مریضوں کے لیبارٹری ٹیسٹ بھی انتہائی کم قیمت پر کئے جائیں گے۔