سکندر چرس اور نیند کی گولیاں کھانے کا عادی ہے ‘واقعہ کے وقت سکندر نشے میں تھا تاہم ذہنی طور پر مفلوج نہیں تھا‘ سکندر کی حالت خطرے سے باہر ہے‘ ملزم کی آکسیجن اتار دی گئی ہے ‘خود سانس لینا شروع کردیا، پمز ہسپتال کے ڈاکٹر رضوان تاج نے ملک سکندر کی ابتدائی طبی رپورٹ تیار کرلی

پیر 19 اگست 2013 13:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 19اگست 2013ء)اسلام آباد ایڈونچر کے مرکزی کردار ملک سکندر کی ابتدائی طبی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے ‘ ڈاکٹر رضوان تاج نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سکندر چرس اور نیند کی گولیاں کھانے کا عادی ہے ‘واقعہ کے وقت سکندر نشے کی حالت میں تھا تاہم وہ ذہنی طور پر مفلوج نہیں ہے‘ سکندر کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ملزم کی آکسیجن اتار دی گئی ہے اور وہ قدرتی طور پر سانس لے رہا ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو پمز ہسپتال کے ڈاکٹر رضوان تاج کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ میں سکندر کو نشے کا عادی بتایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سکندر واقعہ کے وقت نشے کی حالت میں تھا تاہم وہ ذہنی طور پر مفلوج نہیں تھا۔ طبی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سکندر ذہنی طور پر مکمل صحت مندر ہے۔ سکندر کی صحت تیزی سے سنبھل رہی ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ملزم کی آکسیجن اتار دی گئی ہے اور وہ قدرتی طور پر سانس لے رہا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق سکندر نے کھانا پینا بھی شروع کر دیا ہے اور آج اسے چائے اور سلائس دیے گئے ہیں۔ سکندر کا مزید کچھ دن تک آئی سی یو میں رکھا جائیگا۔