افغانستان کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرکے وہاں پر مداخلت ختم کی جائے ، پاکستان کی نئی حکومت کو آزاد جمہوری افغانستان اور انڈیا کیساتھ صلح کرکے خطے کی امن وسلامتی کو یقینی بنانا ہوگا ،پشتونخوامیپ ملک اور صوبے میں بدامنی ،کرپشن کے خاتمے ، عوام کے حقوق واختیارات کے حصول ،پرامن زندگی اور تعلیم صحت روزگار اور ترقی وخوشحالی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے ،ہم نے ملک میں فوجی آمریتوں کے خاتمے اور قومی برابری جمہوریت سماجی انصاف امن وترقی کے قیام کیلئے سیاسی جدوجہد کے ہر مرحلے میں ہر تحریک کا بھرپور ساتھ دے کر انتخابات میں پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کا چمن میں انتخابی جلسہ سے خطاب

پیر 19 اگست 2013 23:12

چمن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔19اگست۔ 2013ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چےئرمین رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ افغانستان کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرکے وہاں پر مداخلت ختم کی جائے اور پاکستان کی نئی حکومت نے آزاد جمہوری افغانستان اور انڈیا کیساتھ صلح کرکے خطے کی امن وسلامتی کو یقینی بنانا ہوگا ۔پشتونخوامیپ ملک اور صوبے میں بدامنی ،کرپشن وکمیشن ،چوری ڈکیتی ،میرٹ پامالی اورمنشیات فروشی کے گھناونے کاروبار ختم کرکے عوام کے حقوق واختیارات کی حصول ،پرامن زندگی اور تعلیم صحت روزگار اور ترقی وخوشحالی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے جس کیلئے عملی طور پر اقدامات اٹھائیں جائینگے۔

پشتونخواوطن کے غیور اور بہادر عوام نے فرنگی استعمار سے آزادی حاصل کرنے اور ملک میں فوجی آمریتوں کے خاتمے اور قومی برابری جمہوریت سماجی انصاف امن وترقی کے قیام کیلئے سیاسی جدوجہد کے ہر مرحلے میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اور پشتون قومی تحریک کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور پشتونخوامیپ کے متعین کردہ قومی وجمہوری اہداف پر اتفاق کرکے انتخابات میں پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔

(جاری ہے)

وہ یہاں انتخابی مہم کے سلسلے میں چمن کے کلی اڈہ کہول حاجی وفا ملیزئی کی رہائش گاہ پر عظیم الشان عوامی جلسہ سے خطاب کررہے تھے ۔ جس سے پارٹی کے صوبائی صدر عثمان خان کاکڑ ،حاجی عبدالصادق صبا ء، عیسیٰ افغان نے بھی خطاب کیا ۔جبکہ حاجی صادق صباء کی قیاد ت میں درجنوں افراد نے پشتونخوامیپ میں شمولیت کا اعلا ن کیا ۔ محترم محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پرامن افغانستان ہی خطے کی امن کا ضامن ہے جب تک افغانستان میں امن کا قیام اور اس کی آزادی وخودمختیاری کا احترام نہیں کیا جاتا اس وقت تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔

لہٰذا پاکستان سمیت سب نے اس سلسلے میں واضح پالیسی اختیار کرکے دہشتگردی و بدامنی اور مداخلت کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا ۔ اور ملک وخطے کے کروڑوں انسانوں کو آگ وخون کے شعلوں سے بچانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ سے جنت حاصل نہیں کیا جاسکتا بلکہ ووٹ کے ذریعے عوام اپنا جمہوری اقتدار قائم کرکے برابری ،سماجی انصاف امن وترقی اور حقوق کو حاصل کرسکتے ہیں اور جمہوری حکمرانی کے ذریعے تمام مسائل ومشکلات کو حل کیا جاسکتا ہے ۔

دنیا کے بہت سے اقوام وعوام نے ووٹ کی طاقت کا ادراک کرکے اس کے ذریعے اپنی جمہوری اقتدار اور خوشحال وترقی یافتہ معاشروں کا قیام عمل میں لایا ہے اور اپنے تمام حقوق واختیارات حاصل کےئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے باشعور اور وطن پال عوام نے ہر وقت پشتونخوامیپ کو اپنی نمائندہ قومی سیاسی پارٹی سمجھتے ہوئے اس کا ساتھ دیا ہے اور پارٹی کے متعین کردہ قومی وجمہوری اہداف اور سیاسی موقف پر اتفاق کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ 22اگست کو ضلع قلعہ عبداللہ چمن کہ باشعور عوام ایک بار پھر پشتونخوامیپ کے حق میں فیصلہ دینگے ۔

انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد واتفاق اورتمام قبائلی تنازعات کا حل اور بھائی چارہ کا قیام ہمارے عوام کی قومی ضرورت اور فریضہ ہے اور وقت وحالات کا تقاضہ یہی ہے کہ پشتونخوا وطن کے عوام اتحاد ویکجہتی اور سیاسی جدوجہد کے ذریعے قومی محکومی ومحرومی سے نجات حاصل کرکے اپنی قومی جمہوری حقوق واختیارات کا مالک بنیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور وزراء کو کرپشن ہر گز نہیں کرنے دینگے اور تمام حکومتی اداروں محکموں کو عوام کی خدمت اور ترقی کے فریضے پر مامور کرینگے اور عوام کے دےئے گئے مینڈیٹ کی ہر صورت میں پاسداری کرکے جمہوری سیاسی کلچر کو فروغ دینگے ۔

انہوں نے کہا کہ حقوق نسواں کا احترام ہم سب کا فریضہ ہے اور پشتونخوامیپ عورتوں کے حقوق ،برابری اور اختیارات کی علمبردار ہے ۔ نا برابری اور استحصال کی بنیاد پر ملک معاشرے اور خاندان قائم نہیں رہ سکتے ہیں۔