راولپنڈی ‘انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں پرویز مشرف سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی، سابق صدر کا صحت جرم سے انکار‘کم عمر ملزم اعتزاز شاہ پرفرد جرم عائد نہیں کی گئی، 8 صفحات پر مشتمل فرد جرم میں مشرف پرقتل‘ دہشتگردی اوردھماکا خیز مواد ایکٹ کی دفعات شامل ، عدالت نے آئندہ سماعت پر بیانات قلمبند کرنے کیلئے گواہوں کو طلب کرلیا‘سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور ‘سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی

منگل 20 اگست 2013 13:41

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 20اگست 2013ء) راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں پرویز مشرف سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی‘ سابق صدر کا صحت جرم سے انکار‘کم عمر ملزم اعتزاز شاہ پرفرد جرم عائد نہیں کی گئی‘عدالت نے آئندہ سماعت پر بیانات قلمبند کرنے کیلئے گواہوں کو طلب کرلیا۔

عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی۔منگل کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج چوہدری حبیب الرحمن نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کی۔ تو عدالت نے پرویزمشرف سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی،سابق صدرنے صحت جرم سے انکار کر دیا\' سابق صدر پرویزمشرف کو سخت سیکورٹی کے حصارمیں چک شہزاد سے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت لایا گیا،،جہاں پرسابق صدر سمیت +ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کردی گئی۔

(جاری ہے)

جن میں سعود عزیز، سابق ایس پی خرم شہزاد، شیرزمان، حسنین گل، عبد الرشید ترابی اوررفاقت حسین شامل ہیں۔ جب کہ کم عمر ملزم اعتزاز شاہ پرفرد جرم عائد نہیں کی گئی۔ اس موقع پر سابق صدر نے صحت جرم سے انکار کیا۔ فرد جرم 8 صفحات پر مشتمل ہے جس میں پرویز مشرف پرقتل، دہشت گردی، اوردھماکا خیز مواد ایکٹ کی دفعات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی۔ جس کے بعد کیس کی مزید سماعت 27اگست تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ آئندہ سماعت پرگواہوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔ بعد ازاں عدالت نے بے نظیربھٹو قتل کیس میں پرویز مشرف کی مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیدیا۔