ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کا چھٹا اجلاس اسلام آباد دسمبر میں منعقد ہوگا ، تیاریاں زوروشور سے جاری ،نئے صدر ممنون حسین اوروزیر اعظم نواز شریف اسمبلی اجلاس سے خطاب کرینگے،نیئر حسین بخاری کو دو سال کیلئے اسمبلی کا صدر منتخب کئے جانیکا امکان

منگل 20 اگست 2013 21:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔20اگست۔ 2013ء) ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کا چھٹا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوگاجس میں چیئر مین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری کو دو سال کیلئے اسمبلی کا صدر منتخب کئے جانیکا امکان ہے ۔ایشن پارلیمنٹری اسمبلی کے اجلاس کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں ۔ منگل کو آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئر مین سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیر صدارت کمیٹی کا ایک اجلاس بھی ہوا جس میں سینیٹر مشاہد اللہ کے علاوہ سینیٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

جبکہ جوائنٹ سیکریٹری میجر (ر) سید حسنین حیدر نے بریفنگ دی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسمبلی کا اجلاس 8تا 11دسمبر 2013کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس سے صدر ممنون حسین اوروزیر اعظم نواز شریف خطاب کرینگے۔

(جاری ہے)

جبکہ اسمبلی کی صدارت چیئر مین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری کرینگے۔ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کے 41ممبر ملکوں اور 17ملکوں کی پارلیمنٹس کو مبصر کے طور پر مدعو کیا جائیگا جن میں آسٹریلیاء اور جاپان شامل ہیں ۔

آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئر مین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ یہ اسمبلی خطے میں امن و سلامتی ، استحکام اور خوشخالی کیلئے بھر پور کردار ادا کریگی ۔اس کے علاوہ اسمبلی بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرنے اور ماحولیاتی آلودگی سے نمنٹے کیلئے کلیدی کردار ادا کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ اب مستقبل ایشیاء کا ہے اور اس اسمبلی کی دنیا میں بڑی اہمیت ہو گی۔اس موقع پر انہوں نے ایشن پارلیمنٹری اسمبلی کے سیشن کو کامیاب بنانے اور میزبانی کے فرائض خوش اسلوبی سے ادا کرنے کے حوالے سے مختلف ہدایات دیں ۔