پولیو کا مرض آئندہ نسلوں کے مستقبل کیلئے بڑا خطرہ ہے ، بچوں کو موذی مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے بھر پو ر جدوجہد کی ضرورت ہے، گور نر خیبرپختونخوا انجینئرشوکت اللہ کی روٹری کلب پاکستان انٹرنیشنل کے وفدسے گفتگو

منگل 20 اگست 2013 22:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔20اگست۔ 2013ء) خیبرپختونخوا کے گورنر انجینئرشوکت اللہ نے کہاہے کہ پولیو کا مرض آئندہ نسلوں کے مستقبل کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے اور انہیں اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے ہم سب کو بھر پور انداز سے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ منگل کے روز گورنرہاؤس پشاور میں مخیرحضرات کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جو ایک رضا کار ادارے روٹری کلب پاکستان انٹرنیشنل کی نمائندگی کررہے تھے، گورنرنے مزید کہاکہ گوکہ اس موذی مرض سے نجات کیلئے رضا کار اداروں کی جانب سے حکومت کا ہاتھ بٹانے کے سلسلے میں جاری کوششوں کاواضح اعتراف پایاجاتاہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ پرعزم کوششوں کا اعادہ کرتے ہوئے جاری اقدامات کو اور زیادہ فعال اور موثر بنایاجائے۔

وفد کی قیادت ممتاز سماجی شخصیت عبدالرؤف روحیلہ ایڈوکیٹ کررہے تھے اور یہ پروفیسر ظفراقبال، افتخار احمد، پرویز احسن اور ڈاکٹر حمید آفریدی پرمشتمل تھا۔

(جاری ہے)

وفد کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف نکات کاحوالہ دیتے ہوئے گورنرنے کہاکہ یقیناً صوبے اور فاٹا سے ماضی میں بڑے پیمانے پر آبادی کی ایک مقام سے دوسری جگہ منتقلی کو پولیو ٹیموں کی جانب سے مطلوبہ اہداف کے حصول کے سلسلے میں ایک بڑی مشکل تصور کیا گیا۔

تاہم انہوں نے مزید کہاکہ اب چونکہ نقل مکانی کرنے والے عوام کی ایک بڑی اکثریت اپنے متعلقہ علاقوں میں پھر سے آباد ہوچکی ہے۔ لہذا ضرورت اس امرکی ہے کہ متعلقہ ادارے خاص طور پر رضا کار شخصیات اور ادارے آگے بڑھ کر اس سلسلے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں تاکہ آئندہ نسلوں کو پولیو کے مرض سے محفوظ رکھنے کے سلسلے میں جاری کوششوں کو پوری طرح منظم، مستحکم اور فعال بنایاجاسکے۔

انہوں نے وفد کے اراکین کی جانب سے نقل مکانی کرنے والے تمام کے تمام بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کی غرض سے ان کی گذرگاہوں کے مقامات پر معیاری ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پولیو ٹیموں کو الیکٹرانکس اور دیگر آلات سے لیس کرنے میں مدد کی پیشکش کو سراہا اور یہ امید ظاہر کی کہ اس کی بدولت حکومت کی طرف سے سوفیصد بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کیلئے مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے معیاری ویکسین کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ گورنرنے ایسا ممکن بنانے کے ضمن میں وفد کو ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔