بھارتی فوج کا پاکستان کے بعد چینی فوج پر سرحدی کی خلاف ورزی کا الزام،چینی فوج ارونا چل پردیش کے 20 کلو میٹر کے اندر کے علاقے میں گھس آئی، بھارتی سورماؤں کو خبر تک نہ ہوئی ،دو دن تک قیام کیا،بھارتی فورسز کی مداخلت پر چینی فوج کو واپس جاناپڑا،بھارتی فوج کا دعویٰ،بھارتی فوج سوتی رہتی ہے ،نیند کی بجائے سرحدوں کی حفاظت کرے،اپوزیشن اور دفاعی حلقوں شدید کی تنقید

بدھ 21 اگست 2013 21:27

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21اگست۔ 2013ء) بھارتی فوج نے پاکستان پر مسلسل الزام تراشی کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ چینی فوج سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ارونا چل پردیش کے 20کلو میٹر کے اندرونی علاقے میں گھس آئی، بھارتی فوج کے روکنے ،کمانڈوز کی مداخلت پر بھارتی علاقے میں دو دن قیام پذیر رہنے کے بعد واپس چلی گئی۔ بدھ کو میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی بھارتی ریاست ارونا چل پردیش میں گھس آئی لیکن اس پورے وقت میں بھارتی سورماوٴں کو خبر تک نہ ہوئی ۔

فوجی ذرائع کے مطابق جب بھارتی فوج کو پتہ چلا تو چینی فوجی بھارت کے 20کلو میٹر کے اندر گھس چکی تھی جہاں چینی فوجیوں نے دوسے تین دو دن تک قیام بھی کیا۔چگلا گام کے علاقے میں پہنچنے پر بھارتی فوجیوں نے ان کو روک دیا، جس کے بعدچینی فوج علاقہ چھوڑ کر واپس چلی گئی، تاہم اس مسئلے کے حل میں فوج کی دوڈویژنز اور فارمیشن کے ڈپٹی کمانڈر کی مداخلت سے حل کیا گیا۔

(جاری ہے)

واقعے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ نان ایونٹ ہے اور ہم ایسے معاملات کو سفارتی سطح پر نہیں اٹھاتے،واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں بھی چینی فوج مقبوضہ کشمیر کے قصبے لداخ میں داخل ہوئی تھی اور 3 ہفتے وہاں رہنے کے بعد واپس لوٹی تھی ۔دوسری جانب بھارتی اپوزیشن جماعت اور دفاعی حلقوں نے بھارتی فوج کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فوج سرحدوں کی حفاظت کی بجائے سوتی رہتی ہے اسے نیند پوری کرنے کی بجائے سرحدوں کی حفاظت کرنی چاہیے۔ ہماری فوج کا یہی حال رہا تو کوئی ایک دن حملہ کر کے بھارت کو فتح کرلے گا۔