ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو کھانے پینے اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران کا ریلیف سرگرمیوں بارے جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 22 اگست 2013 20:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔22اگست۔ 2013ء) صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران نے مقامی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو کھانے پینے اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے-یہ ہدایات انہوں نے آج یہاں کامونکی میں ریلیف سرگرموں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں- اس موقع پر مقامی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، ڈی سی او گوجرانوالہ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجودتھے-انہوں نے موقع پر موجود سپیشل سیکرٹری ہیلتھ کو ہدایت کی کہ متاثرین کو بہترین طبی سہولیات بہم پہنچائی جائیں-انہوں نے کہا کہ ملیریا سے بچاؤ کی ویکسین اور پیٹ کی بیماریوں سے بچاؤ کی ادویات وافر مقدار میں فراہم کی جائیں-سپیشل سیکرٹری صحت نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت کی موبائل ٹیمیں کام کررہی ہیں اس کے علاوہ تمام ریلیف کیمپوں میں ڈاکٹرز اور دیگرعملہ موجود ہے-صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ کامونکی کے سکولوں میں قائم کردہ کیمپوں میں سیلاب متاثرین کو تیار کھانا بھی فراہم کیا جارہا ہے اس کے علاوہ خشک راشن اور مزید ٹینٹ بھی منگوائے جارہے ہیں- انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سیلابی پانی کی نکاسی پر خصوصی توجہ دی جائے -انہیں بتایا گیا کہ کامونکی میں پانی کی سطح میں بتدریج کم ہورہی ہے اور نکاسی کا عمل جاری ہے۔