سیلاب سے متاثرہ گھروں اور سڑکوں کی جلد رپورٹ پیش کی جائے،نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لئے ڈسپوزل پمپس لگائے جائیں،ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو کھانا اور طبی سہولیات دی جارہی ہیں،صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت

جمعہ 23 اگست 2013 20:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔23اگست۔ 2013ء) صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران نے نارووال کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ گھروں اور سڑکوں کے نقصانات کی جلد تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے تاکہ پانی اترنے کے بعدان کی تعمیر و مرمت کا کام شروع کروایا جاسکے-انہوں نے یہ ہدایات نارووال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر دیں- اس موقع پر ڈی سی او نارووال اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے- صوبائی وزیر نے کہا کہ متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف پر مشتمل 20موبائل ٹیمیں جبکہ مویشیوں کی ویکسینیشن کے لئے لائیوسٹاک کے ڈاکٹروں کی 6کام کررہی ہیں-ملک ندیم کامران نے کہا کہ ضلع نارووال کے نشیبی علاقوں سے سیلابی پانی کی نکاسی کے لئے ڈسپوزل پمپس استعمال کئے جائیں تاکہ علاقے کے لوگوں کو ریلیف مل سکے-صوبائی وزیر نے محکمہ ریونیو کی مدد سے نارووال میں سیلاب سے متاثر ہونے والی 35ہزار ایکڑ زرعی اراضی بارے بھی تفصیلی رپورٹ بھی تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں- ڈی سی او نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ نارووال میں سیلاب متاثرین کے لئے 7ریلیف کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں لوگوں کو پکا پکایا کھانا دیا جارہا ہے اور ایسے افراد جو گھروں میں موجود ہیں کو خشک راشن بھی فراہم کیا جارہا ہے-صوبائی کو بتایا گیا کہ ضلع میں سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام شروع کیا جارہا ہے اور لوگ کیمپوں سے اپنے گھروں کی طرف منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں-

متعلقہ عنوان :