وزیر اعلیٰ پنجاب سے عالمی بینک کے نائب صدر کی ملاقات، تعلیم ،صحت انفراسٹرکچر بالخصوص توانائی کے شعبے میں تعاون اورمعاونت پر تبادلہ خیال،ملک کو درپیش توانائی بحران اوردیگر مسائل سے نمٹنے کے لئے جامع منصوبہ بندی سے جنگی بنیادوں پر کام کررہے ہیں،شہباز شریف، پاکستان بالخصوص پنجاب میں توانائی ، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے عالمی بنک کے ممکنہ تعاون اور مدد کا جائزہ لیا جائے گا،نائب صدر عالمی بینک

جمعہ 23 اگست 2013 20:52

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔23اگست۔ 2013ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو درپیش توانائی بحران کو حل کرنے اوردیگر مسائل سے نمٹنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے۔ توانائی کے بحران کے حل کیلئے انتہائی تیزی رفتاری سے کام کیا جار ہا ہے ۔ جنوبی پنجاب کے علاقہ چولستان میں قائداعظم سولر پارک کے قیام کے لئے بنیادی کام شروع کر دیا گیا ہے اوراس ضمن میں ایک خود مختار کمپنی قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے ۔

ہائیڈل و تھرمل سمیت بجلی پیدا کرنے کے تمام متبادل ذرائع کو بروئے کار لانے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ توانائی سیکٹر کے 480ارب روپے کے گردشی قرضے ادا کر کے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو کافی حد تک کم کر دیاگیاہے۔

(جاری ہے)

بجلی وگیس چوروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور بجلی و گیس چوری میں ملوث بڑے بڑے فیکٹری مالکان کو گرفتارکرکے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

لوڈمینجمنٹ سسٹم کے ذریعے عوام کو لوڈ شیڈنگ میں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ عالمی بنک تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر بالخصوص توانائی کے شعبے میں اپنی مدد اور معاونت فراہم کرے اور ہائیڈل پاور جنریشن کیلئے دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں مدد کے لئے آگے آئے اور حکومت سے تعاون کرے۔وہ جمعہ کو اسلام آباد میں عالمی بنک کے نائب صدر مسٹر فلپ لی ہورو کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ․ عالمی بنک کی نائب صدر مس ایزا بیل ایم گریرو ، عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود، آپریشنز ایڈوائزر رینالڈ ڈنکن ، عالمی بنک کے نائب صدر کے معاون خصوصی کوایچی اموری اور دیگر عہدیداران کے علاوہ صوبائی وزیر توانائی چوہدری شیر علی خان، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات عرفان الہی،سیکرٹری خزانہ جہانزیب خان،سیکرٹری توانائی عثمان باجوہ، سیکرٹری صحت احسن اقبال اور سیکرٹری آبپاشی زاہد سعید بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے عالمی بینک کے اعلی سطحی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے بجلی کی لوڈمینجمنٹ کے ذریعے سرمایہ کاروں،کاشتکاروں اور عوام کو ریلیف مہیا کرنے کی مخلصانہ کوشش کی ہے جس کے انتہائی مثبت اورحوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں۔ صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے حالات کو سازگار بنایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے اور ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ․ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے علاقہ چولستان میں قائد اعظم سولر پارک میں ملکی اورغیر ملکی سرمایہ کاروں نے سولر انرجی کے منصوبے لگانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیاہے اور حکومت نے قائد اعظم سولر پارک سے ابتدائی طور پر دو ہزار میگا واٹ تک بجلی حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔

سو لر انرجی کے علاوہ بائیو ماس اور گنے کے پھوگ سے بھی بجلی پیدا کرنے کا جائزہ لیا جا رہا ہے اوران ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبے لگانے کے لئے تیز ی سے پیش رفت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری لانے کے لئے اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کر رہی ہے اور صوبے میں بچوں کے سکولوں میں داخلے کا سو فیصد ہدف حاصل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی انرو لمنٹ مہم کے ذریعے کام کیا جا رہا ہے اوراگلے چند برس میں پنجاب میں سو فیصد شرح خواندگی کا ہدف حاصل کر لیاجائے گا۔

․انہو ں نے کہا کہ پنجاب حکومت لیبر انٹینسو سرمایہ کاری پر توجہ دے رہی ہے۔ فنی اور پیشہ وارانہ تربیت کے ذریعے غربت میں کمی کیلئے اقدمات اٹھائے جا رہے ہیں ․تاکہ نوجوانوں کو تربیت یافتہ بنا کر ان کو روزگارکیلئے اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکے ․حکومت گارمنٹس انڈسٹری کے فروع اور سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور گارمنٹس انڈسٹری میں سرمایہ کاری کیلئے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی ․ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیحات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے ڈیمز اور کی تعمیر شامل ہے ․انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے سلسلے میں حکومت پالیسی تشکیل دے رہی ہے اور امن و امان یقینی بنا کر معیشت کی بحالی اور ڈویلپمنٹ کیلئے سازگار ماحول مہیا کیا جا ئے گا․ محمد شہباز شریف نے کہا کہ سرمایہ کاری اور ترقی کے تمام شعبوں میں منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے شفافیت کو پوری طرح یقینی بنایا گیا ہے ․عالمی بنک کے نائب صدر مسٹر فلپ لی ہورو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور پنجاب میں توانائی، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے عالمی بنک کے ممکنہ تعاون اور مدد کا جائزہ لیا جائے گا․ انہوں نے کہا کہ جامع پروگرام مرتب کر کے اس ضمن میں پیش رفت کی جائے گی اور باہمی تعاون کیلئے ماہرین کے جائزہ کے بعد ممکنہ تعاون کو وسعت دی جائے گی․ انہوں نے پاکستان کو درپیش دہشت گردی، توانائی بحران اور دیگر مسائل کے حل کیلئے حکومتی کوششوں کو سراہا۔