سوات،محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی ڈینگی وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور متاثرہ افراد کو علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت

ہفتہ 24 اگست 2013 22:46

سوات (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24اگست۔ 2013ء) محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے سوات میں ڈینگی وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور متاثرہ افراد کو علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی ہے ‘ یہ ہدایت گزشتہ روز وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی گئی ‘ سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فخر عالم ‘ سپیشل سیکرٹری اکبر خان‘ ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر انیس خان‘ ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ظفر اور پی ایس ٹو منسٹر ہیلتھ عمر باچا نے اجلاس میں شرکت کی اس موقع پر سوات میں پھیلنے والے ڈینگی وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال ‘ صوبے میں 26اگست سے شروع ہونیوالی پولیو کیخلاف مہم اور ٹیچنگ ہسپتالوں سمیت تمام بڑے ہسپتالوں میں غریب مریضوں کیلئے ایمرجنسی میں علاج مفت کرانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی جی ہیلتھ نے وزیر صحت کو سوات میں ڈینگی وائرس پر قابو پانے اور متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر بریف کیا ‘ وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں عوام نے تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے اس لئے موجودہ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی انہوں نے کہا کہ سوات میں پھیلنے والے ڈینگی وائرس نے عوام میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اس لئے محکمہ صحت اس کو سنجیدگی سے لے رہی ہے انہوں نے ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کرنے اور ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے پورے ضلع سوات اورارد گرد کے اضلاع میں سپرے کرانے کی ہدایت کی ‘ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے بھی عوام میں آگاہی پیدا کی جائے ‘ وزیر صحت نے ہدایت کی کہ ڈینگی وائرس کے مریضوں کیلئے مزید آئسولیشن وارڈ قائم کئے جائیں اور وہاں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دوران جنریٹر کا بندوبست کیا جائے متاثرہ مرضوں کو مچھر دانیاں اور ادویات فراہم کی جائیں انہوں نے مزید تشخیصی کٹ سوات بھجوانے کی ہدایت کی انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے اور صورتحال کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ آج سیکرٹری ہیلتھ سوات کا دورہ کریں گے اس موقع پر صوبے کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی سروس مفت کرنے کیلئے بھی حکمت عملی تیار کرلی گئی ‘ اس موقع پر وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت کبھی انہیں مایوس نہیں کرے گی عوام کے ٹیکسوں سے چلنے والی حکومت میں اب کرپشن اور لوٹ مار نہیں ہوگی بلکہ عوام کی بہتری کے منصوبے بنائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ بہت جلد سرکاری ہسپتالوں کی اووہالنگ کرکے ان کو غریبوں کے علاج معالجے کے مراکز بنائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :