تحریک انصاف کوٹلہ کے زیر اہتمام کہوڑی تا پٹہکہ بائی پاس روڈ کی بندش ، ڈی ایچ کیو ہسپتال لنک سڑکوں کی بارشوں کے باعث ناگفتہ بہ حالت‘ کوٹلہ کے ہسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور سمگلنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

بدھ 28 اگست 2013 17:14

مظفرآباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 28اگست 2013ء ) تحریک انصاف کوٹلہ کے زیر اہتمام کہوڑی تا پٹہکہ بائی پاس روڈ کی بندش ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لنک سڑکوں کی بارشوں کے باعث ناگفتہ بہ حالت، کوٹلہ کے ہسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور سمگلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وادی کوٹلہ میں تحریک انصاف کوٹلہ کے زیر اہتمام سابق امیدوار اسمبلی کوٹلہ خورشید احمد عباسی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مسائل کے حل کے لئے مطالبات درج تھے اس موقع پر مظاہرین نے نا اہل حکومت اور نا اہل ایم ایل اے کے نعرے لگائے اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف خورشید احمد عباسی ، چوہدری نذیر، رشید مغل، راجہ منصور ، مولانا ابرار احمد و دیگر نے کہا کہ حکومت حلقہ کوٹلہ کے مسائل حل کریں ورنہ اسمبلی کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔

(جاری ہے)

دھاندلی کر کے کوٹلہ کی سیٹ جیتنے والا نا اہل ایم ایل اے عوام کو مسائل میں گھرا چھوڑ کر سرکاری خزانے کو 50 لاکھ پھکی دے کر یو۔کے پہنچ گیا۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ عوام اپنے مسائل کے حل اور حقوق کے معمول کے لئے سڑکوں کا رخ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پٹہکہ بائی پاس روڈ ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور دیگر مسائل فوری حل کریں۔ مون سون کی بارشوں نے کوٹلہ کی سڑکوں کو تباہ کر دیا۔ حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ عوام تحریک انصاف کو مبضوط کریں عمران خان کی قیادت میں کوٹلہ اور آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل حل کریں گے۔ بہت جلد پٹہکہ میں جلسہ عام منعقد ہو گا جس سے تحریک انصاف کے مرکزی قائدین خطاب کریں گے ۔ یہ جلسہ عوامی ریفرنڈم ثابت ہو گا۔