روس یا کسی طاقت نے سعودی عرب پر حملہ کی کوشش کی تو امت مسلمہ کا بچہ بچہ حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے اپنی جان نچھاور کرنے کیلئے تیار ہے،روس افغانستان میں ہونے والا حشر یاد رکھے،پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلم حکمرن روس کی دھمکیوں کا سختی سے نوٹس لیں، اس سے ہر قسم کے تعلقات منقطع کئے جائیں، مضبوط پیغام دیا جائے کہ وہ سعودی عرب پر حملوں کی گیدڑ بھبھکیوں سے باز رہے ،دینی جماعتوں کے قائدین اور علماء کرام کا خطبات جمعہ میں روس کے سعودی عرب پر حملے کی دھمکی پر ردعمل کا اظہار

جمعہ 30 اگست 2013 20:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔30اگست۔ 2013ء) دینی جماعتوں کے قائدین اور علماء کرام نے کہا ہے کہ روس یا کسی بھی طاقت نے سعودی عرب پر حملہ کی کوشش کی تو امت مسلمہ کا بچہ بچہ حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے اپنی جان نچھاور کرنے کیلئے تیار ہے،روس افغانستان میں ہونے والا حشر یاد رکھے۔پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلم حکمرن روس کی دھمکیوں کا سختی سے نوٹس لیں، اس سے ہر قسم کے تعلقات منقطع کئے جائیں اور مضبوط پیغام دیا جائے کہ وہ سعودی عرب پر حملوں کی گیدڑ بھبھکیوں سے باز رہے وگرنہ پوری امت مسلمہ اسے بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار جماعةالدعوةسیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، تحریک حرمت رسول کے کنوینر مولانا امیر حمزہ، امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی،تحریک آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین حافظ سیف اللہ منصور، تحریک حرمت رسول کے سیکرٹری جنرل قاری محمد یعقوب شیخ ،تحریک تحفظ قبلہ اول کے کنوینر مولانا محمد شمشاد احمد سلفی،ہیومن رائٹس فار جسٹس اینڈ پیس کے چیئرمین حافظ محمد مسعود، مولانا سیف اللہ خالد،متحدہ جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رہنما شیخ نعیم بادشاہ،مولانا ابو الہاشم و دیگر نے مختلف شہروں و علاقوں میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

خطبات جمعہ میں روس کی سعودی عرب پر حملے کی دھمکی کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی پاس کی گئیں۔جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے جامع مسجد قبا اسلام آباد میں خطبہ جمعہ کے دوران کہا کہ روس کی سعودی عرب پر حملوں کی دھمکی سے یہ بات ایک بار پھر ثابت ہو گئی ہے کہ دنیائے کفر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ایک ہے اوروہ ہر وقت دین اسلام کو نقصان پہنچانے کیلئے مذموم کوششوں میں رہتے ہیں لیکن روس کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ جو نہتے افغان مسلمانوں کا مقابلہ نہیں کر سکا وہ پوری مسلم امہ کا کیا مقابلہ کرے گا؟۔

تحریک حرمت رسول کے کنوینر مولانا امیر حمزہ نے جامع مسجد ابن تیمیہ گوجرانوالہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب کی سرزمین کا تحفظ ہمارا ایمان ہے۔ اگر روس نے بیت اللہ پر حملہ کرنے کی جسارت کی تو صفحہ ہستی سے اس کا وجود تک مٹ جائے گا کیونکہ بیت اللہ کی حفاظت کی ذمہ داری اللہ نے خود لے رکھی ہے۔ ابرہہ کی طرح حرمین الشریفین کی طرف میلی نگاہ ڈالنے والی ہرقوت ناکام ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ روس نے افغانستان میں جارحیت کی تھی مگر ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا تھا اسکو اپنا انجام یاد رکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم سعودی حکومت کو یقین دلاتے ہیں کہ جماعة الدعوة سمیت پوری پاکستانی قوم انکے ساتھ ہے۔امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہاکہ مکہ اور مدینہ پوری دنیا کے مسلمانوں کا روحانی مرکز ہیں۔روس کو افغانستان میں عبرتناک شکست کا انجام یاد رکھنا چاہیے۔

حرمین الشریفین کی جانب کسی نے میلی نگاہ ڈالنے کی جرأت کی تو پوری مسلم دنیااس کی آنکھیں پھوڑنے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔تحریک آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین حافظ سیف اللہ منصور، تحریک حرمت رسول کے سیکرٹری جنرل قاری محمد یعقوب شیخ ،تحریک تحفظ قبلہ اول کے کنوینئر مولانا محمد شمشاد احمد سلفی،حافظ محمد مسعود، مولانا سیف اللہ خالد، شیخ نعیم بادشاہ،مولانا ابو الہاشم و دیگر نے مختلف شہروں و علاقوں میں بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس کی سعودی عرب پر حملے کی دھمکی کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

سعودی عرب صرف سعودی عرب والوں کا ہی نہیں بلکہ مسلمانوں کا بھی مقدس ترین مقام ہے اس پر حملہ کر کے روس اپنی موت کو دعوت دے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک روس کے ساتھ تمام تجارتی معاملات اور مذاکرات ختم کریں۔