وزیر اعلی سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال،توانائی بحران اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی جار ہی ہے ، لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے، تعلیم ، صحت اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں ،پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بیش بہا قربانیاں دی ہیں ، قومی سطح پر انسداد دہشت گردی پالیسی مرتب کی جا رہی ہے، اقلیتوں کو اسمبلیوں میں بھرپور نمائندگی دی گئی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے، وزیر اعلی پنجاب کی کینیڈین ہائی کمشنر سے گفتگو،پنجاب کی ترقی دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے ،میٹرو بس کا منصوبہ دیکھ کر خوشی ہوئی،کینیڈین ہائی کمشنرگریگ جیوکاس

پیر 2 ستمبر 2013 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2ستمبر۔ 2013ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر گریگ جیوکاس نے پیر کو یہاں ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا- صوبائی وزیر صحت خلیل طاہر سندھو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، سیکرٹری صحت اور کینیڈا کے اعزازی قونصل جنرل سید یاورعلی بھی ملاقات میں موجود تھے-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کینیڈین ہائی کمشنر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین خوشگواردوستانہ تعلقات ہیں اور کینیڈا پاکستان میں مختلف شعبوں کی ترقی میں تعاون کر رہا ہے -انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس میں توانائی کا بحران اور دہشت گردی کا خاتمہ سر فہرست ہیں - توانائی بحران نے معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے اور صنعت ، تجارت سمیت دیگر شعبوں پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں - انہوں نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے اور جلد از جلد لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے اور اس ضمن میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں - ہائیڈل، سولر ، بائیو ماس، بائیو گیس اور کوئلے سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے - انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا قلع قمع بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے - ہماری بقاء دہشت گردی کے خاتمے میں مضمر ہے - ملک میں امن ہو گا تو ترقی ہو گی اور غیر ملکی سرمایہ کاری ممکن ہو گی - یہی وجہ ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل جاری ہے- پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور چالیس ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے - نئی قیادت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قومی سطح پر انسداد دہشت گردی پالیسی مرتب کر رہی ہے - دہشت گردی کے سد باب کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ صحت و تعلیم سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور روز گار کے نئے مواقع فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جار ہی ہے -صوبے کی ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ تعلیم ، صحت اور انفرسٹرکچر کی ترقی سمیت دیگر شعبوں کی ترقی کے لئے ایسے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی - نئی نسل کو جدید ٹیکنالوجی اور علوم سے آراستہ کئے بغیر ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا اور تعلیمی شعبے کی اسی اہمیت کے پیش نظر حکومت صوبے میں موثر اور جامع تعلیمی پالیسی پر عمل پیراہے - پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈاور دانش سکولوں کا قیام اس سلسلے کی اہم کڑی ہے - پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے قیام سے اب کسی بھی ہونہار طالب علم کو مالی دشواریوں کی بناء پر اپنی تعلیمی سرگرمیوں کا سلسلہ منقطع نہیں کرنا پڑتا اور پچاس ہزار سے زائد ہونہار مستحق طلباء و طالبات تعلیمی فنڈ کے ذریعے اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر ہے ہیں جبکہ دانش سکولوں میں غریب ترین طلباء و طالبات کو معیار ی سکولوں سے بڑھ کر تعلیمی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ، جہاں پر سمارٹ بورڈ اور آئی ٹی لیب کے ذریعے مستقبل کے معماروں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے - انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے اور نوجوانوں کی فنی تربیت کے لئے پنجاب سکلڈ پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے - پہلے مرحلے میں یہ پروگرام جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں شروع کیا گیا اور اب اس کا دائرہ کار مزید اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہے - انہوں نے بتایا کہ اقلیتوں کو بھی اسمبلیوں میں بھرپور نمائندگی دی گئی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے - کینیڈین ہائی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے اور انہیں میٹرو بس کا منصوبہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے جس کاموازنہ ترقی یافتہ ممالک سے بھی بخوبی کیا جا سکتا ہے - انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام زبردست صلاحیتوں کے مالک ہیں اور پاکستان کی علاقائی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے -انہوں نے کہا کہ کینیڈا مختلف شعبوں کی ترقی کے لئے پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا-