کراچی مسئلہ سردرد سے بڑھ کرکینسر کی شکل اختیار کر چکا ہے،ا س کا حل اب سر درد کی دوائیوں سے نہیں ہو گا، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو سیاسی جماعتوں کی سرپرستی حاصل ہے، بھارت جیسے بڑے جمہوری ملک میں اوٹا اور ٹاڈا جیسے سخت قوانین بنائے جا سکتے ہیں تو کراچی میں امن کے لیے ایساکیوں نہیں کیا جاسکتا ،ریاستوں اور سرحدی امور کے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ کاکابینہ اجلاس میں رائے کا اظہار ، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر ، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ کی عبدالقادر بلوچ کے موقف کی بھرپور تائید

بدھ 4 ستمبر 2013 21:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔4ستمبر۔ 2013ء) ریاستوں اور سرحدی امور( سیفران ) کے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں مسئلہ سرکے درد سے بڑھ کرکینسر کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، لہٰذا اس مسئلے کا حل اب سر درد کی دوائیوں سے نہیں ہو گا، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو سیاسی جماعتوں کی سرپرستی حاصل ہے، اگر بھارت جیسے بڑے جمہوری ملک میں اوٹا اور ٹاڈا جیسے سخت قوانین بنائے جا سکتے ہیں تو کراچی میں امن کے لیے ایسے قوانین کیوں نہیں بنائے جا سکتے؟ باخبر ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم کراچی کو بچانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کرنے ہوں گے۔

(جاری ہے)

کراچی کا مسئلہ اب سر درد سے بڑھ کر کینسر کی حیثیت اختیار کر چکا ہے اور کینسر کا علاج کبھی بھی سر درد کی گولیوں سے نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہاکہ قاتلوں اور بھتہ خوروں کو فوری طور پر گرفتار کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں اس وقت ”ابھی نہیں تو کبھی نہیں“ کی صورتحال بن چکی ہے اور وزیر اعظم نواز شریف کے ذہن میں اب کوئی ابہام نہیں ہے وہ ساری صورتحال جان چکے ہیں۔

افسوس ناک امر یہ ہے کہ سیاسی جماعتیں جرائم پیشہ افراد کو سپورٹ کرتی ہیں۔ کراچی میں غیر جانبدار پولیس افسران کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر بھارت جو خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کرتا ہے وہاں پر اوٹا اور ٹاڈا جیسے قوانین متعارف کرائے جا سکتے ہیں تو یہاں پر ایسا کیوں نہیں کیا جا سکتا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے بھی جنرل عبدالقادر بلوچ کے خیالات کی بھرپور تائید کی اور کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

اگر ہم نے پورے ملک میں حالات بہتر بنانے ہیں تو پہلے کراچی کو ٹھیک کرنا ہو گا۔کسی کو دباؤ قبول نہ کیا جائے اور غیر جانبدار طریقے سے ٹارگٹڈ آپریشن کر کے کراچی کی روشنیوں کو بحال کرنا ہو گا۔ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں دیگر وزراء نے بھی وزیر اعظم کو اس ضمن میں اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔