ایبٹ آباد ، کانگووائرس نے قصاب خاندان کے دو بیٹوں کے بعد باپ کی زندگی کا چراغ گل کر دیا،گھر کے دیگر افراد متاثر، ایک اورنوجوان کی حالت تشویشناک ،جاں بحق افراد کی تعداد 3ہو گئی ،علاقہ میں خوف و ہراس

ہفتہ 14 ستمبر 2013 20:33

اسلام آباد/ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔14ستمبر۔2013ء) ایبٹ آباد میں کانگووائرس نے قصاب خاندان کے دو بیٹوں کے بعد باپ کی زندگی کا چراغ گل کر دیا ہے،گھر کے دیگر افراد بھی متاثر، ایک نوجوان کی حالت مزید تشویشناک ہے،کانگوسے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد تین ہو گئی ہے،علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔حویلیاں کے محلہ عثمان غنی میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کو کانگو نے متاثر کیا جن میں سے دو نوجوان تین چار روز قبل جاں بحق ہوئے جبکہ جمعہ اور ہفتہ کے روز گھر کا سربراہ یوسف بھی پمز ہسپتال اسلام آباد میں دم توڑ گیا ہے ۔

قبل ازاں یوسف کے دو بیٹے محمد عاصف اور شیراز بھی جاں بحق ہو چکیں ہیں اسی خاندان کا نوجوان عارف پمز ہسپتال اسلام آباد میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ء ہے ۔

(جاری ہے)

مقامی افراد نے کانگو سے تین افراد کے جاں بحق ہونے اور وائرس سے دیگر افراد کے متاثر ہونے کی زمہ داری محکمہ صحت اور منتخب عوامی نمائندوں پر عائد کر دی ہے ان کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد میں محکمہ صحت مفلوج ہے خیبر پختون خواہ کا سب سے بڑا سرکاری ہسپتال ایوب میڈیکل کمپلیکس میں سہولیات کی عدم دستیابی اور مرض کی بر وقت تشخیص کیلئے کوئی بندوبست نہیں ہے ۔

منتخب عوامی نمائندوں نے عملی طور پر عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے زبانی طور پر جمع منفی شروع کر رکھی ہے ۔ایبٹ آباد میں کانگو وائرس کی تصدیق کے بعد کمشنر ہزارہ عابد علی نے ہدایات جاری کیں ہیں کہ ہزارہ ڈویژن میں کانگو وائرس کے مریضوں کے فوری علاج اور وائرس سے بچاؤ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی تدابیر کے لئے ایبٹ آباد سمیت تمام اضلاع کی انتظامیہ ،محکمہ صحت او ر محکمہ لائیو سٹاک کو الرٹ رکھا جائے اور خیبر پختونخوا حکومت کو سفارش کی گئی ہے کہ ضلع ایبٹ آباد میں کانگو وائرس کی موجودگی کے باعث ہزارہ ڈویژن کو آفت زدہ قرار دیا جائے تا کہ کانگو وائرس کے انسداد اور اس کے اثرات سے مو ئثر طور پر نمٹنے کے لئے ہنگامی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

ایوب ٹیچنگ ہسپتال اے ٹی ایچ ایبٹ آباد سمیت ہزارہ کے تمام ضلعی ھیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں فوکل پرسن کے بجائے متعلقہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی ذاتی نگرانی میں کانگو وائرس سے متاثرہ افراد کا فوری علاج کیا جائے گا ان ہسپتالوں میں کانگو وائرس کے مریضوں پر فوری توجہ کے لئے خصوصی کاؤنٹر اور الگ وارڈ قائم کئے جائیں گے

متعلقہ عنوان :