وزیراعلیٰ پنجاب نے خیبر پختونخواہ حکومت کو ڈینگی سے نمٹنے کیلئے مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھانے کی باضابطہ پیش کش کر دی ، خیبر پختونخواہ کی عوام کو مشکل کی اس گھڑ ی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے ،پنجاب نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی ہے‘ ترجمان حکومت پنجاب

جمعرات 19 ستمبر 2013 21:17

لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19ستمبر۔2013ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخواہ حکومت کو ڈینگی سے نمٹنے کیلئے حکومت پنجاب کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھانے کی باضابطہ پیش کش کی ہے ۔یہ بات حکومت پنجاب کے ترجمان نے جمعرات کے روز یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی۔ترجمان نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی کی حکومت کو پیش کش کی ہے کہ وہ پنجاب کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھائے کیونکہ حالیہ سالوں میں ڈینگی کی وباء سے نمٹنے کے لیے اسے وسیع تجربہ حاصل ہواہے ۔

”شہباز شریف نے خیبر پختونخواہ حکومت کو ڈینگی جیسی وبائی مرض سے بہتر طورپر نمٹنے کے لیے ڈاکٹروں کی ٹیمیں ،ضروری ادویات اورماہرین حشرات بجھوانے کی پیش کش کی ہے “۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پنجاب ڈینگی سے نمٹنے کے لیے دوسرے صوبوں کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ۔ہمارا مقصدبین الصوبائی یکجہتی کو فروغ دینا ہے اورہم خیبر پختونخواہ کی عوام کو مشکل کی اس گھڑ ی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور پنجاب نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2011ء میں ڈینگی نے پنجاب پر بھر پورحملہ کیا تھااور صوبائی حکومت کو اس موذی مرض سے نمٹنے کا کوئی تجربہ اور علم بھی نہیں تھاجبکہ سری لنکا اور تھائی لینڈ جیسے ملکوں میں ڈینگی سے تباہی پھیلنے کی ایک تاریخ ہے ۔تاہم شہباز شریف حکومت نے دن رات کام کیا ،سری لنکا سے ڈینگی ماہرین بلوائے اورڈینگی کے خلاف حکومتی مشنری اور عوام کی شرکت سے ایک بھر پور مہم شروع کی تاکہ لوگوں کو اس سے بچایا جاسکے ۔ترجمان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اس سلسلے میں اپنا لو ہا منوایا ہے ۔