بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کرینگے،قائم علی شاہ

اتوار 22 ستمبر 2013 22:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2013ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو درپیش مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے مکمل طور پر سنجیدہ ہے اور سرکاری اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات وزیر اعلیٰ ہاوس کراچی میں محکمہ صحت کے افسران اورتمام ضلعی اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ کے اجلاس کے دوران کہی۔

سید قائم علی شاہ نے تمام تعلقہ اور ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو سختی سے ہدایات دیں ہیں کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر کریں،غفلت کی صورت میں ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر اسپتالوں میں بہتری دیکھنا چاہتے ہیں اس لئے تمام متعلقہ میڈیکل آفیسرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اپنی کارکردگی بلاتاخیر بہتر کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ صرف بہتر کارکردگی کی ہی بنیاد پر ڈاکٹرز کی اہم پوسٹوں پر تعیناتی ہوگی۔اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی سے متعلق شکایات پر وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی سیکریٹری صحت کو حکم دیا کہ وہ سندھ پبلک سروسز کمیشن کے ذریعے ڈاکٹرزکی تقرری کے عمل کو تیز کرائیں تاکہ ڈاکٹرز کی کمی پوری کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :