اولیاء کے آستانے انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کے سرچشمے ہیں ‘بلال احمد چشتی اجمیری، ایمان محبت رسولﷺ کے بغیر نامکمل ہے حضورﷺ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ اور ہدایت کا عملی نمونہ ہے

پیر 23 ستمبر 2013 14:13

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 23ستمبر 2013ء)اولیاء کے آستانے انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کے سرچشمے ہیں جہاں سے پوری انسانیت کیلئے ہدایت و رہنمائی کا سلسلہ قیامت تک جاری رہے گا۔ حضرت خواجہ غریب نواز کی درگاہ سے آج بھی لاکھوں لوگ مشرف بہ اسلام ہو رہے ہیں پوری انسانیت کیلئے وہاں سے امن سکون اور راحت کا پیغام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار دربار عالیہ اجمیر شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ بلال احمد چشتی اجمیری نے مسلم لیگ ن کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات کی بلقیس صابر کی رہائش گاہ پر خواتین کی عظیم الشان محفل میلاد مصطفی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس خوبصورت محفل میں نقابت کے فرائض قومی بین المذاہب ہم آہنگی کونسل آزاد کشمیر کے آرگنائزراسحاق چوہان نے ادا کیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حضور سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔ ایمان محبت رسول کے بغیر نامکمل ہے حضور کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ اور ہدایت کا عملی نمونہ ہے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن آزاد کشمیر محترمہ بلقیس صابر راجہ نے کہا کہ زندگی اصل میں عاجزی و انکساری کا نام ہے۔

تکبر اور غرور اللہ کو پسند نہیں اگر اپنی زندگیوں کو سنوارنے چاہتے ہو تو دہلیز مصطفی پر جھک جاؤ اور خدائی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے اپنے اعمال اور کردار کو سنوار کو اللہ کی عبادات کا خیال رکھو اللہ کی مخلوق کے حقوق کا خیال رکھو تو ہماری بگڑی بن جائے گی آخرت سنور جائے گی دنیا کامیاب ہو جائے گی اس پروقار تقریب میں تلاوت کلام پاک کی سعادت مفتی اشفاق احمد کشمیری نے حاصل کی۔

گلہائے عقیدت بحضور ایان انور قادری، محترمہ کنیز فاطمہ، رخسانہ مشتاق، طلعت یاسمین، عابدہ، زاہدہ نے پیش کیے۔ محترمہ عشرت سجاد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے اپنی زندگیاں حضور کی سیرت و کردار کے مطابق ڈھال لیں تو کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نجات کیلئے ہمیں حضور کی سیرت و کرداری سے رہنمائی حاصل کرنا ہو گی اس تقریب میں ممبر قانون ساز اسمبلی سید شوکت علی شاہ اور سرفراز احمد راٹھوی ایڈووکیٹ نے بطور خاص شرکت کی تقریب میں آمد پر پیر بلال احمد چشتی پر خواتین و بچوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ہار پہنائے گئے جلوس کی شکل میں انہیں جلسہ گاہ لایا گیا پیر بلال احمد چشتی نے اتحاد عالم اسلام، استحکام عالم اسلام، خطہ کشمیر کی ترقی و خوشحالی، شہداء عالم اسلام کے درجات کی بلندی، بیماروں کی شفاء کے لیے خصوصی دعا کی۔