ہونہار طلبا و طالبات ملک کا اثاثہ ہیں ،حکومت پنجاب صوبے میں تعلیم کا ایسایکساں نظام لانے کیلئے کوشاں ہے ‘ چوہدری اشفاق سرور ،تعلیمی انقلاب اور شرح خواندگی میں اضافے کے ذریعے دہشت گردی سمیت تمام مسائل کا حل ممکن ہے‘ تعلیم دوست پالیسیوں سے صحت مندمقابلے کا رحجان پیدا ہو،صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور کا سرگودھا بورڈ کے پوزیشن ہولڈرطلبا و طالبات کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب ،مجموعی طور پر سرگودہا بورڈ کا نتیجہ59.04 فیصد رہا، طلبا کاتناسب51.20 او رطالبات کا تناسب 66.86 فیصد رہا

پیر 23 ستمبر 2013 19:37

لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23ستمبر۔2013ء) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ ہونہار طلبا و طالبات ملک کا اثاثہ ہیں اور پنجاب حکومت ان کی شبانہ روز محنت کے اعتراف میں انہیں ہر سال ان کی صلاحیتوں کے شایان شان اعزاز و انعامات سے نوازتی ہے ‘حکومت پنجاب صوبے میں تعلیم کا ایسایکساں نظام لانے کے لئے کوشاں ہے جس میں عام آدمی کا بیٹا بھی بلاتفریق ترقی کی منازل طے کرسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز سرگودھا بورڈ کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2013ء کے پوزیشن ہولڈرزکی تقریب تقسیم انعامات سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔کمشنر سرگودہاڈویژن محمد اقبال چوہان ‘اراکین صوبائی اسمبلی عبدالرزاق ڈھلوں ‘ ڈاکٹر نادیہ عزیز ‘ چےئرمین بورڈ ڈاکٹر بشیر احمد ‘ سیکرٹری بورڈ عبدالحمید ‘ کنٹرولر امتحانات عطا اللہ شاہ ‘ گورنمنٹ ونجی کالجوں کے سربراہان ‘ اساتذہ او روالدین کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیمی انقلاب اور شرح خواندگی میں اضافے کے ذریعے دہشت گردی سمیت تمام مسائل کا حل ممکن ہے۔ حکومت پنجاب صوبے کے ہر بچے کے لئے لازمی پرائمری تعلیم کے پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی ، بوٹی مافیا کے خاتمے اورشفاف امتحانی طریقہ کار نے طلبا و طالبات میں صرف اور صرف محنت پر انحصار کے جذبے کو تقویت دی ہے۔

انہوں نے کامیاب طلبا و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور ان پر ملک کو مستحکم ، مضبوط اور ناقابل تسخیر بنانے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار تعلیم بہتر بنانے کیلئے خطیر فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب کی تعلیم دوست پالیسیوں کے نتیجے میں طلبا و طالبات میں صحت مندمقابلے کا رحجان پیدا ہوا ہے جس سے ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آیاہے۔

راجہ اشفاق سرور نے اساتذہ پر زور دیاکہ وہ قوم کے نونہالوں کی تعلیم و تربیت کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اپنا کلیدی کردارادا کریں۔ حکومت پنجاب کی میرٹ پالیسی کاذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گذشتہ پانچ سالوں کے دوران ہزاروں اساتذہ وایجوکیٹرز کو میرٹ پر بھرتی کیا گیا، سکولوں وکالجوں میں جدید کمپیوٹرلیب، لیبارٹریاں قائم کی گئیں تا کہ نئی نسل جدید تعلیم سے بہرہ مند ہو سکے ۔

تقریب سے ارکان صوبائی اسمبلی عبدالرزاق ڈھلوں، ڈاکٹر نادیہ عزیز ، کمشنر سرگودھا ڈویژن ، چیئرمین سرگودھا بورڈ ڈاکٹر بشیر احمد نے بھی خطاب کیا۔ کنٹرولر امتحانات عطااللہ شاہ نے انٹر میڈیٹ امتحانات کے نتائج او رپوزیشن ہولڈرز کااعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انٹر 2013 سالانہ امتحان میں مجموعی طو رپر31821 طلبا وطالبات نے شرکت کی ۔ جس میں سے15881 طلبا اور15940 طالبات شامل تھیں ۔

انہوں نے بتایاکہ مجموعی طور پر سرگودہا بورڈ کا نتیجہ59.04 فیصد رہا ۔جس میں سے طلبا کاتناسب51.20 او رطالبات کا تناسب 66.86 فیصد رہا۔ مجموعی طو رپر سرگودہا بورڈ میں اول آنے والے پی اے ایف سکول وکالج سرگودہاکے حازق امجدنے 1021نمبرزکے ساتھ پہلی ‘ وہاج امجدپی اے ایف سکول وکالج سرگودہا اورسپیریئرکالج آف کامرس بوائز سرگودہاکے آکاش گل نے 1016نمبرزکے ساتھ مشترکہ طورپردوسری جبکہ ڈی پی ایس سکول اینڈانٹرکالج خوشاب کی طالبہ عمائلہ اکرام نے1014نمبرزحاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پری میڈیکل گروپ طلباء میں دارارقم ماڈل کالج سرگودہا کے محمدتوقیرنذیرنے1005نمبرحاصل کرکے پہلی‘ سپیریئرکالج آف کامرس بوائزسرگودہاکے حافظ محمدحمزہ نے1004نمبرکے ساتھ دوسری اورپنجاب کالج آف سائنس جوہرآبادکے محمداسدمنیرنے996نمبرزکے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔پری میڈیکل گروپ طالبات میں ڈی پی ایس کالج جوہرآبادکی عمائلہ اکرام نے1014نمبرزکے ساتھ پہلی ‘قرأت الہیٰ نے1009نمبرزحاصل کرکے دوسری‘ پنجاب کالج برائے خواتین جوہرآبادکی عنبرامین اورڈی پی ایس کالج جوہرآبادکی ہدیٰ نواز نے1008نمبرزحاصل کرکے مشترکہ طورپرتیسری پوزیشن حاصل کی۔

پری انجینئرنگ گروپ طلباء میں پی اے ایف کالج سرگودہا کے حازق امجد 1021نمبرز کے ساتھ اول ،سپیرئیر کالج آف کامرس بوائز سرگودہا کے آکاش گل 1016نمبرز کے ساتھ مشترکہ طور پر دوئم جبکہ پی اے ایف سکول و کالج سرگودہا کے ارسلان جاوید اور محمد شرجیل 1010نمبرز کے ساتھ مشترکہ طور پر سوئم قرار پائے۔ پری انجینئرنگ گروپ طالبات میں پنجاب کالج برائے خواتین سرگودہا کی ماریہ آفتاب نے 1000نمبرز کے ساتھ پہلی ، گورنمنٹ کالج برائے خواتین بھکر کی ماہ نورشفیق نے 988نمبر ز کے ساتھ دوسری اورسپیرئیر کالج خواتین سرگودہا کی اقراء جبار اور اجالا حسن خان نے 985نمبر کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

جنرل سائنس گروپ طلباء میں پنجاب کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی سرگودہا کی عمر احمد چیمہ 940 نمبرز کے ساتھ اول ‘ سپےئرےئر کالج آف کامرس بوائز سرگودہا کے محمد معین اشرف 934 نمبر ز کے ساتھ دوم اور حافظ محمد شہزاد 929 نمبرز کے ساتھ سوئم رہے ۔ جنرل سا ئنس گروپ طالبات میں پنجاب کالج برائے خواتین سرگودہاکی طالبات طوبیٰ یونس اور ربینہ ایوب نے 990 کے ساتھ مشترکہ طور پر اول ‘ ثنا وحید 975 نمبرز کے ساتھ دوئم او راقراء یوسف 974 نمبرز کے ساتھ سوئم رہیں ۔

اسی طرح کامرس گروپ طلباء میں پنجاب کالج آف کامرس خوشاب کے محمد عدیل 957 نمبرز کے ساتھ اول ‘ قیصر اقبال 947 نمبرز کے ساتھ دوئم اور محمد اسفند نے 946 نمبرز کے ساتھ سوئم رہے ۔ علم وادب گروپ طلباء میں گورنمنٹ ڈگری کالج لیاقت آباد میانوالی کے عنصر عباس 976 نمبر ز کے ساتھ اول ‘ گورنمنٹ ڈگری کالج پھلروان کے تبسم حسین 945 نمبر ز کے ساتھ دوسری او رگورنمنٹ ڈگری کالج بھاگٹانوالہ کے احتشام الحق 935نمبرز کے ساتھ سوئم رہے جبکہ علم وادب گروپ طالبات میں سپےئرےئر کالج برائے خواتین سرگودہا کی حافظہ عائشہ جاوید 971 نمبر ز کے ساتھ اول ‘ گورنمنٹ گرلز انٹر کالج جنڈانوالہ بھکر کی عہزین اسلم 965 نمبر ز کے ساتھ دوئم او رپنجاب کالج برائے خواتین سرگودہا کی ندا راشد نے 963نمبر ز حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔