چیئرمین سینیٹ کی افغانستا ن کے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات،پاک افغان کے مسائل مشترک ہیں، مل بیٹھ کر مسائل کر حل تلاش کیا جائے،باہمی احترام کی بنیاد پر معاملات کو آگے لے جانا چاہتے ہیں،سیدنیئرحسین بخاری

منگل 24 ستمبر 2013 22:12

اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24ستمبر۔2013ء) ء چیئر مین سینٹ سید نئیر حسین بخاری نے پاکستان اور افغانستان کے اراکین کے مابین ڈائیلاگ میں شرکت کیلئے آئے ہوئے افغانستان کے اراکین پارلیمنٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے مسائل مشترک ہیں اور اس سلسلے میں عوامی نمائندے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور ہماری بقاء اسی میں ہی ہے کہ مل بیٹھ کر مسائل کر حل تلاش کیا جائے ۔

چیئر مین سینیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ وفود کے تبادلوں کے مثبت نتائج برآمد ہونگے اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔پاکستان اور افغانستان کے مابین فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے ذکر کرتے ہوئے سید نئیر حسین بخاری نے کہا کہ اس ایسوسی ایشن کے قیام سے دونوں ملکو ں کی عوام کو فائدہ ہو گا اور دوطرفہ تعاون مزید بڑھے گا۔

(جاری ہے)

چیئر مین سینیٹ نے اس موقع پر خصوصی طور پر PILDATکا بھی ذکر کیا اور دونوں ممالک کو قریب لانے میں اس ادارے کی کاوشوں کو سراہا۔

چیئر مین سینیٹ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم باہمی احترام کی بنیاد پر معاملات کو آگے لے جانا چاہتے ہیں ۔قبل ازیں انہوں نے وفد کو خوش آمدید کہا اور انکے اس دورے پر مسرت کا اظہار کیا ۔ افغان وفد کی قیادت مشران و جرگہ کے رکن سینیٹر فرخ شاہ فریابی جناب کر رہے تھے ۔نئیر بخاری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔

مزید یہ کہ دونوں ممالک کے درمیان صدیوں پرمحیط تاریخی ، ثقافتی اور مذہبی رشتے پائے جاتے ہیں اور یہ کہ دونوں ممالک کو مشترکہ چیلنجوں کا سامنا ہے جبکہ انکی ترجیحات بھی مشترک ہیں ۔اس موقع پر سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق نے بھی وفد کو خوش آمدید کہا اور اس بات کی طر ف اشارہ کیا کہ پارلیمانی سطح پر ملاقاتیں اور آپس میں تبادلہ خیال ٹھوس پیش رفت ہے کیونکہ رابطوں کے ذریعے ہی مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے ۔

ہماری قدریں مشترک ہیں اور آنیوالے دن دونوں ممالک کے لئے انتہائی اہم ہیں ۔وفد کے رہنما نے کہا کہ وہ پاکستان کا دورہ کر کے بہت خوش ہوئے ہیں انہوں نے چیئر مین سینیٹ اور دیگر عہدیداران کا پارلیمنٹ میں استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈائیلاگ کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ مشکلا ت کو دیکھتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کو مشترکہ کو ششیں کرنا ہونگی اور مل کر مسائل کا حل ڈھونڈنا ہو گا۔

بعد ازاں چیئر مین سینیٹ وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جس میں بڑی تعداد میں سینیٹرز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی چیئر مین سینٹ صابر علی بلوچ، سینیٹرز مشاہد حسین سید، ڈاکٹر جہانگیر بدر، نجم الحسن ، نسیمہ احسان ، شیرالہ ملک ، حمداللہ ، افراسیاب خٹک، فرحت اللہ بابر ، شاہی سید ، سعید الحسن مندوخیل، کلثوم پروین اور سپیکر بلوچستان اسمبلی جناب میرجان محمد خان جمالی کے علاوہ سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :