حکومت پنجاب کی جانب سے دوسرا C-130طیارہ امدادی سامان لیکر بلوچستان روانہ ہو گیا ، ایک ٹرک ادویات،500تھیلے تیار خوراک، 100 ٹینٹ ، 500تھیلے آٹا ،پینے کا صاف پانی روانہ کیاگیا ‘ بلال یاسین

جمعہ 27 ستمبر 2013 12:57

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 27ستمبر 2013ء) صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے حکومت پنجاب کی جانب سے بلوچستان زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی سامان C-130طیارے کے ذریعے لاہور سے بلوچستان روانہ کر دیا ۔اس موقع پر کمشنر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ ندیم اشرف ،ڈائریکٹر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور سول ایوی ایشن کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے بلوچستان زلزلہ متاثرین کے لئے ایک ٹرک انسانی زندگی بچانے والی ادویات،500تھیلے تیار خوراک، 100 ٹینٹ ، 500تھیلے آٹا اور پینے کا صاف پانی بلوچستان روانہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی حکومت پنجاب کی جانب سے امدای سامان کا ایک C-130طیارہ بلوچستان روانہ کیا گیا تھا جس میں 500تھیلے خوراک،50ٹینٹ،500تھیلے آٹا،360کمبل اور ایک ٹرک ادویات کا روانہ کیا گیا تھا۔

بلال یاسین نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت پنجاب اور پنجاب کے عوام بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہیں اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ٹیمیں بھی بہت جلد بلوچستان روانہ کر دی جائیں گی تا کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں بہتری آئے اور بحالی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔