کراچی میں چار روزہ پولیو مہم کا آغاز(کل )سے ہوگا ،حکومت نے سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا ،ضلع ملیر اور ضلع غربی کراچی کے ڈپٹی کمشنر زکو 200پولیس اہلکاروں کی ریزرو فورس دے دی گئی

اتوار 29 ستمبر 2013 19:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2013ء) کراچی میں چار روزہ پولیو مہم کا آغازکل(پیر)سے ہوگا اس ضمن میں حکومت سندھ نے کراچی کے ان علاقوں میں جہاں سیکورٹی مسائل کی وجہ سے پولیو ورکرز نہیں جا سکے تھے،پہنچنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ اس سلسلے میں ضلع ملیر اور ضلع غربی کراچی کے ڈپٹی کمشنر زکو 200پولیس اہلکاروں کی ریزرو فورس دے دی گئی ہے ،جو دو ماہ تک ڈپٹی کمشنر کی صوابدید پر کام کرے گی اور کراچی کے غیر محفوظ علاقوں خصوصاً یونین کونسل نمبر 4 اور دیگر علاقوں میں پولیو ورکرز کی حفاظت کرے گی ۔

(جاری ہے)

اس پولیس فورس کو رینجرز کی بھی مدد حاصل ہو گی ۔کراچی کی 188یونین کونسلز میں سے 32یونین کونسلز کو پولیو مہم کے دوران سیکورٹی کے حوالے سے پہلی ترجیح میں شامل کیا گیا ہے ،جن میں ضلع شرقی میں 8، ضلع ملیر میں 3، ضلع جنوبی میں 1، ضلع وسطی میں 2 اور ضلع غربی میں 18 یونین کونسلز شامل ہیں ۔حساس یونین کونسلز میں یوسیز 4اور 8گڈاپ ،یوسی 9سائیٹ ،یوسی13اورنگی ،یوسیز 1،2اور3بلدیہ، یوسیز 1،2اور 3لانڈھی اور یوسیز 2،3اور 4بن قاسم شامل ہیں ،جہاں فرنٹ لائن پولیو ورکرز کو ترجیحی بنیادوں پر سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔واضح رہے کہ یہ پولیومہم 30ستمبرسے3اکتوبرتک رہے گی ۔

متعلقہ عنوان :