پنجاب میں رواں سال ڈینگی بخار سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی‘ترجمان محکمہ صحت،میو ہسپتال میں ہلاک ہونے والا اعجاز کرانک لیور ڈیزیز میں مبتلا تھا

پیر 30 ستمبر 2013 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30ستمبر۔2013ء) محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبے میں رواں سال ڈینگی سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ ترجمان نے راوی روڈ کے رہائشی30سالہ اعجاز کی میوہسپتال میں ڈینگی سے ہلاکت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعجاز احمد ولد رشیدسکنہ راوی روڈ کو 26ستمبر کی صبح 9-15بجے میوہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں لایا گیا -ہسپتال کے ڈاکٹروں نے مریض کو آئی سی یو اور بعدازاں ایسٹ میڈیکل ورارڈ میں علاج معالجہ کی تمام سہولیات فراہم کیں ۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں نے اعجاز احمد کوکرانک لیور ڈیزیز اور گیسٹروانٹائٹس کا مریض تشخیص کیا ۔محکمہ صحت کے ترجمان نے مزید کہا کہ میوہسپتال میں مریض کو ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور ڈاکٹروں نے اس کی جان بچانے کی ہرممکن کوشش کی تاہم مریض اسی دن شام 7بجے انتقال کرگیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے واضح کیا کہ ڈاکٹروں کی تشخیص کے مطابق اعجاز احمد مرحوم ڈینگی کا مریض نہیں تھا۔

دریں اثناء سیکرٹری صحت پنجاب حسن اقبال کی ہدایت پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرہیلتھ راوی ٹاؤن ڈاکٹر محمد شہباز نے اعجاز احمد کے گھر واقع قلعہ لچھمن سنگھ راوی روڈ کا دورہ کیا اور مرحوم کے لواحقین سے اس کی بیماری کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر صحت نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اعجاز احمد ڈینگی کا مریض نہیں تھا۔

متعلقہ عنوان :