صوبے میں موذی امراض کی بیخ کنی اور صحت سے متعلق عوام کودرپیش جملہ مسائل کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں،شوکت یوسفزئی

بدھ 2 اکتوبر 2013 21:51

پشاور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2اکتوبر۔2013ء)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں موذی امراض کی بیخ کنی اور صحت سے متعلق عوام کودرپیش جملہ مسائل کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاہم ان اقدامات سے ہم اسی صورت حقیقی معنوں میں مستفید ہو سکتے ہیں جب عوام خصوصاً والدین مضر صحت اور صحت بخش غذاؤں میں تمیزکرتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اپنی اور اپنے بچوں کی غذائیت کو یقینی بنائیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز بنیادی مرکزصحت گل آباد ضلع چارسدہ میں ایم آر سی ایچ سینٹر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام،عمائدین علاقہ اور اہم سماجی و سیاسی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے اس موقع پر محکمہ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوام کو معیاری علاج فراہم کرنے کے حوالے سے صوبائی حکومت کے ارادوں اور اس سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات سے شرکائے تقریب کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ صوبے میں بنیادی مرکز صحت میں جدید آلات،معیاری ادویات اور تجربہ کار سٹاف کی فراہمی کو یقینی بنایاجارہاہے اب عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں متعلقہ مرکز صحت سے رابطے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں صحت مند ماں بنیادی کردار اداکرتی ہے لہذا انہیں بنیادی مراکزصحت میں دستیاب طبی مشوروں اور صحت کے اصولوں کے مطابق اپنی اور بچوں کی صحت کا خیال رکھناہوگا۔

وزیر صحت نے کہا کہ ہم تھوڑی سی محنت مشقت اور توجہ سے بہت سے پیچیدہ امراض سے نجات حاصل کر سکتے ہیں جن کی وجہ سے ہمیں مسلسل پریشانی کا سامنارہتاہے۔ انہوں نے بنیادی مراکز صحت کے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ بلاامتیاز عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور تبدیلی کے اس عمل میں حکومت وقت کاساتھ دیں۔