نوجوانوں کی صحت مند سرگرمیوں کوفروغ دینے کیلئے ایبٹ آباد میں ڈویژنل سطح کا نوجوان مرکز قائم کرنے کا فیصلہ

جمعہ 4 اکتوبر 2013 15:47

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4اکتوبر 2013ء) ہزارہ ڈویژن میں نوجوانوں کی مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع پیداکرنے اور ان سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے ایبٹ آباد میں ڈویژنل سطح کا نوجوان مرکز قائم کیا جائے گا جس کے لئے حکومت خیبر پختونخوا ضروری مالی وسائل فراہم کرے گی۔ یہ فیصلہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر جوان مرکز کے قیام کے لئے تشکیل دئیے گئے ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا جو ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کامرا ن رحمان کی زیر صدارت یہاں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنر ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر، ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن رائٹ اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران جوان مرکز کے قیا م اور اسے مکمل طورپر فعال بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ نوجوانوں کے لئے مرحلہ وار مختلف سرگرمیاں شروع کی جائیں گی جن کا دائرہ دور دراز علاقوں تک بھی بڑھا یا جائے گا تا کہ پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو بھی صحت مند اور مثبت سرگرمیوں میں شامل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جوان مرکز کے لئے الگ عمارت کی تعمیر تک اس کا دفتر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس ایبٹ آباد میں قائم کیا جائے گا جہاں مشاورتی بورڈ اپنے اجلاس وغیرہ منعقد کر سکے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جوان مرکز کو فعال کرنے کے لئے اقبال ہاکی سٹیڈیم ایبٹ آباد میں عنقریب ایک بڑی افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء ممتاز اساتذہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین ،ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اورکھلاڑیوں اور مقامی نوجوان وغیرہ کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :