فرینڈلی اپوزیشن کی وجہ سے ہی حکومت آئے روز عوام پر مہنگائی کے بم گرا رہی ہے ‘ سردار حر بخاری، ناہید خان کی قیادت میں لائحہ عمل مرتب کر رہے ہیں ،جلد عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کیلئے میدان میں نکلیں گے

ہفتہ 5 اکتوبر 2013 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5اکتوبر 2013ء) ” بھٹو شہید بینظیر ورکرز موومنٹ “پنجاب کے کوار ڈی نیٹر سردار حر بخاری نے کہا ہے کہ فرینڈلی اپوزیشن کی وجہ سے ہی حکومت آئے روز عوام پر مہنگائی کے بم گرا رہی ہے ‘ جمہوریت کی مضبوطی اور اسے تحفظ دینے کے نام پر پہلے مسلم لیگ (ن) نے فرینڈ اپوزیشن کا کردار نبھایا اور آج چند مفاد پرستوں کے ٹولے پر مشتمل پیپلز پارٹی یہ کردارنبھا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کام حکومت کے عوام دشمن اقدامات کے آگے بند باندھنا ہوتا ہے لیکن مک مکا کے معاہدے کے تحت نام نہاد اپوزیشن حکومت کے اقدامات پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناہید خان کی قیادت میں لائحہ عمل مرتب کر رہے ہیں انشا اللہ جلد عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کے لئے عملی طور پر میدان میں نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب با شعور ہو چکے ہیں وہ چوروں اور ڈاکوؤں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ سردار حر بخاری نے کہا کہ ” بھٹو شہید بینظیر ورکرز موومنٹ “ کسی لالچ کے بغیر نہ صرف کارکنوں کو عزت دے گی بلکہ عوام کے حقوق کا بھی تحفظ کرے گی۔

متعلقہ عنوان :