حکمران ملک کو انڈسٹری کی طرح چلا رہے ہیں ،انہیں بتانا چاہتے ہیں پاکستان اتفاق فاؤنڈری نہیں اسے ویلفیئر سٹیٹ ہونا چاہیے، سیدخورشید شاہ،میاں صاحب میں ابھی تک ضیا ء الحق زندہ ہے اسی لئے غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کا نظام جاری رکھا ہوا ہے،بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے نچلا طبقہ متاثر ہوگا ،پارلیمنٹ کے اندر اورباہر آواز بلند کریں گے، گو مشرف گو والی سیاست نہیں کرنا چاہتے، اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی

ہفتہ 12 اکتوبر 2013 20:29

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12اکتوبر۔2013ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے نچلا طبقہ متاثر ہوگا جسکے خلاف نہ صرف پارلیمنٹ کے اندر بلکہ باہر بھی آواز بلند کریں گے، میاں صاحب میں ابھی تک ضیا ء الحق زندہ ہے اسی لئے انہوں نے غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخاب کا نظام جاری رکھا ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز پیپلز پارٹی کے رہنما اشرف سوہنا کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نوید چوہدری، چوہدری منظور ، اشرف سوہنا اور راجہ عامر ایڈووکیٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سید خورشید شاہ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں پرویز مشرف اور ضیاء الحق دور کے لوگ موجود ہیں،میں میاں صاحب کی بڑی عزت کرتا ہوں لیکن انکے اندر ابھی تک ضیاء الحق زندہ ہے اسی لئے انہوں نے غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخاب کا نظام زندہ رکھا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہم گو مشرف گو والی سیاست نہیں کرنا چاہتے ہمیں پتہ ہے کہ جمہوریت کیا ہے لیکن ہم عوام کے مفادات کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنی بھرپو رآواز بلند کریں گے ۔ انہوں نے فوج کے بجٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ سب کے سامنے ہے ہم یہ نہیں کہیں گے موجودہ حکومت بہت ہی کم بجٹ دے رہی ہے البتہ ہم پورا بجٹ دیتے تھے۔ موجودہ حالات میں ملک اندرونی اور بیرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے ۔

انہوں نے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے والوں نے آنکھیں بند کر کے فیصلے کا اختیار وزیر اعظم نواز شریف کے ہاتھ میں دیا تھا اگر اب حکومت مذاکرات نہیں کر رہی تو یہ اسکی کمزوری ہے ۔انہوں نے ججز کی تعیناتی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا ہمیں اس حوالے سے کوئی شکایت نہیں ۔