حجاز مقدس پہنچنے والے لاکھوں فرزندان اسلام (کل) 8 ذوالحج کو مناسک حج کی ادائیگی کیلئے منیٰ روانہ ہوں گے،9 ذوالحج (کل )کو حج کے رکن اعظم ”وقوف عرفات“ کیلئے میدان عرفات پہنچ کر فریضہ حج ادا کریں گے،مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کیساتھ ساتھ نماز ظہر اور عصر میدان عرفات میں ادا کی جائیگی

ہفتہ 12 اکتوبر 2013 23:26

اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12اکتوبر۔2013ء) فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے دنیا بھر سے حجاز مقدس پہنچنے والے لاکھوں فرزندان اسلام (کل) اتوار8 ذوالحج کو مناسک حج کی ادائیگی کیلئے منیٰ روانہ ہوں گے ۔تفصیلات کے مطابق(کل) اتوار 8 ذوالحج کوکو دنیا بھر سے لاکھوں فرزندان اسلام مناسک حج کی ادائیگی کیلئے منیٰ پہنچیں گے جہاں سے 9 ذوالحج (پیر)کو حج کے رکن اعظم ”وقوف عرفات“ کیلئے میدان عرفات پہنچ کر فریضہ حج ادا کریں گے، مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے ساتھ ساتھ نماز ظہر اور عصر میدان عرفات میں ادا کی جائے گی۔

نماز عصر اور مغرب کے درمیان وقوف عرفات ہوگا جس میں حاجی اللہ رب العزت کے حضور انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ دعائیں کریں گے۔ سورج غروب ہونے کے ساتھ ہی حاجیوں کیلئے فوری طور پر میدان عرفات چھوڑنے کا حکم ہے اس کے بعد حجاج مزدلفہ کیلئے روانہ ہونگے۔

(جاری ہے)

مزدلفہ پہنچنے کے بعد حاجی سب سے پہلے نماز مغرب اور نماز عشاء اکٹھی ادا کریں گے اور کنکریاں چننے کے بعد رات کھلے آسمان کے نیچے مزدلفہ میں قیام کریں گے۔

10ذوالحج کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حاجی منیٰ واپس پہنچیں گے جہاں پہلے دن بڑے شیطان کو کنکریاں مار کر قربانی کریں گے اوررمی کے بعد بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔ 11 ذوالحج کو بھی حاجی شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے اور اس دن بھی رات کا ایک خاص پہر منیٰ میں قیام کرنے کا حکم ہے۔12 ذوالحج کو آخری دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حاجیوں کی مکہ کے لئے واپسی شروع ہوجائیگی۔ 12 ذوالحج مغرب سے پہلے پہلے تمام حاجیوں کیلئے لازم ہے کہ وہ مکتہ المکرمہ مسجد حرام پہنچ کر طواف زیارت کریں۔ اس کے ساتھ ہی مناسک حج مکمل ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :