افغان فوج کی سپیشل فورسز کے ایک کمانڈر نے حساس آلات سے لیس اور بھاری اسلحے سے لدا فوجی ٹرک طالبان کے حوالے کر دیا ، منصف خان30 بندوقیں، اندھیرے میں دیکھنے والے چشمے، دوربینیں اور ایک فوجی ٹرک لے کر فرارہوگیا ،گور نر کنڑ کی تصدیق ، افغان فورسز کمانڈر اپنے ہمراہ پندرہ بندوقیں اور حساس آلات پر مشتمل سامان لے کر آئے تھے ، ترجمان حزب اسلامی ، سیکیورٹی فورسز نے کمانڈر منصف خان کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی شروع کردی ، قبائلی عمائدین کا مدد کر نیکا وعدہ

پیر 21 اکتوبر 2013 14:36

کنڑ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21اکتوبر 2013ء) افغان فوج کی سپیشل فورسز کے ایک کمانڈر حساس آلات سے لیس اور بھاری اسلحے سے لدا فوجی ٹرک طالبان کے حوالے کر دیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کنڑ کے دارالحکومت اسد آباد میں عیدالاضحی کے مذہبی تہوار کی سرکاری تعطیلات کے دوران کمانڈر منصف خان نے اپنے بیس ساتھیوں کا سامان اپنے قبضے میں لے کر فرار ہوگئے۔

وہ افغان اسپیشل فورسز کے پہلے کمانڈر ہیں جنہوں نے اپنی فورس سے غداری کرتے ہوئے حزب اسلامی تنظیم میں شمولیت اختیار کرلی دوسری جانب افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ کے حکام نے تصدیق کی کہ افغان فوج کی اسپیشل فورسز کے ایک کمانڈرنے غداری کرتے ہوئے حساس آلات سے لیس اور بھاری اسلحے سے لدا ایک فوجی ٹرک ایک دہشت پسند گروپ کے حوالے کردیا یہ گروپ طالبان کا اتحادی بتایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

کنڑ کے گورنر شجاع الملک جلالہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے کچھ ساتھیوں کو رخصت پر اور دیگر کو کسی دوسرے مقام پر بھیج دیا اور پھر تیس بندوقیں، اندھیرے میں دیکھنے والے چشمے، دوربینیں اور ایک فوجی ٹرک لے کر فرار ہوگئے۔ادھر حزب اسلامی کے ایک ترجمان زبیر صدیقی نے تصدیق کی کہ منصف خان ان کے گروپ میں شامل ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ہمراہ پندرہ بندوقیں اور حساس آلات پر مشتمل سامان لے کر آئے تھے۔

ذرائع کے مطابق مقامی سیکیورٹی فورسز نے کمانڈر منصف خان کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی شروع کردی ہے اور قبائلی عمائدین نے بھی اس سلسلے میں مدد کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ کنڑ کے گورنر شجاع الملک جلالہ کا کہنا ہے کہ ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ علاقے کے معززین کے اثرورسوخ کے ذریعے سامان واپس لاسکیں۔

متعلقہ عنوان :