ملک بھر میں رواں سال کے دوران پولیو کے 47کیسز ریکارڈ کئے جاچکے ہیں، 34کا تعلق فاٹا، 7کا کے پی کے جبکہ 3کا سندھ اور 3کا پنجاب سے ہے، محکمہ صحت کی رپورٹ

جمعرات 24 اکتوبر 2013 20:25

جیکب آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24اکتوبر۔2013ء) جیکب آباد میں پولیو سے بچاوٴ کے عالمی دن کے موقع پر سول سوسائٹی اور ڈاکٹرز کی جانب سے ریلی نکالی گئی اور والدین سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے بچوں کو ہمیشہ کی معذوری سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح جیکب آباد میں بھی پولیو سے بچاوٴ کے عالمی دن کے موقع پر سول ہسپتال جیکب آباد سے ڈاکٹرز اور سول سوسائٹی کے لوگوں کی جانب سے ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت ڈی ایچ او ڈاکٹر غلام محمد چنہ، ڈاکٹر خالد حسین بھنگر، پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے ندیم قریشی،اتحاداہلسنت کے چےئر مین سید اعجاز علی شاہ، سماجی رہنما میڈم قمر بانو اور دیگر کررہے تھے، ریلی کے شرکاء نے پولیو کے خلاف ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، جن پر پولیو سے پاک پاکستان جیسے نعرے درج تھے، ریلی کے شرکاء ڈسرکٹ پریس کلب کے سامنے پہنچے جہاں پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تمام افراد کو پولیو کے خاتمے کے لیے اپنے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کیا جائے تاکہ اس بیماری سے نجات حاصل کی جاسکے، دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ کے رہنما ڈاکٹر اے جی انصاری نے پولیو سے بچووٴ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے جاری کردہ ایک بیان کہا کہ ذرا سی لاپرواہی بچوں کو عمر بھرکا معذو ر بنا سکتا ہے ،پاکستان کئی سال سے جاری کوششوں کے باوجود پولیو سے پاک نہیں ہوسکا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 1994سے اب تک عالمی اداروں کی مالی معاونت سے پولیو سے بچاوٴ کے لیے 100سے زائد مہم چلائی جاچکی ہے لیکن اس کے باوجود ملک سے پولیو کا خاتمہ نہیں ہوا، محکمہ صحت کے اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں رواں سال کے دوران پولیو کے 47کیسز ریکارڈ کئے جاچکے ہیں، جن میں سے 34کا تعلق فاٹا، 7کا کے پی کے،جبکہ 3کا سندھ اور 3کا پنجاب سے ہے ،رپورٹ کے مطابق پاکستان ، افغانستان اور نائیجیریا کے سواپوری دنیا میں پولیو کا وائرس ختم ہوچکا ہے ، پاکستا ن کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ شہریوں اور علماء کرام کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :