کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے صحتمند معاشرہ جنم لیتا ہے ،حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے‘ گورنر پنجاب،جو تجربات برطانیہ میں رہ کر سیاست اور عوام کی خدمت میں سیکھے وہ پاکستان میں اپنے آپ کو پیش کرنے کیلئے حاضر ہوا ہوں ‘ چوہدری محمد سرور

ہفتہ 26 اکتوبر 2013 20:24

مریدکے(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26اکتوبر۔2013ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے صحتمند معاشرہ جنم لیتا ہے حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔مریدکے میں وفاقی وزیر فاعی پیداوار رانا تنویر حسین ، رکن قومی اسمبلی رانا افضال حسین اوروزیر اعلیٰ کے مشیر چوہدری خرم گلفام اشرف کے ہمراہ رانا سرمد تنویر حسین شہید فٹ بال فلڈ لائٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا برطانیہ سے پاکستان آنے کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے ۔

جب وہ برطانیہ میں تھے تو پاکستان میں اگر کوئی بھی آفت آتی تو خدمت کے لئے پیش پیش رہتے ۔سیلاب زلزلہ زدگان کی خدمت کو فرض سمجھا ،صحت اور تعلیم میں پاکستان میں پندرہ سال سے کام کر رہا ہوں پاکستان کے لوگوں کی خدمت کیلئے کوشش جاری رکھوں گا ۔

(جاری ہے)

جو تجربات برطانیہ میں رہ کر سیاست اور عوام کی خدمت میں سیکھے وہ پاکستان میں اپنے آپ کو پیش کرنے کیلئے حاضر ہوا ہوں اپنے ملک اور قوم کیلئے برطانیہ کی سیاست اور سہولتیں چھوڑ کر آگیا ہوں ۔

انہوں نے کہا گلاسکو اور سکاٹ لینڈ سے میں نے پہلا کام ریسکیو 1122کا کیا جو آج پاکستان میں اپنی مثال آپ ہے ۔گورنر پنجاب نے اس موقع پر فٹ بال اکیڈمی مریدکے کے صدر غلام محی الدین کو پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریدکے میں سولہ ایکڑ رقبہ پر میو نسپل اسٹیڈیم موجود ہے جس کو عالمی معیار کا بنانے کیلئے تمام تر کوششیں کی جائیں گی ۔

مریدکے میں فلڈ لائٹ فٹ بال ٹورنامنٹ میں گورنر پنجاب کی آمد ہمارے لئے عزت کا باعث ہے ۔اس موقع پر فٹ بال اکیڈمی کے صدر غلام محی الدین نے شہریوں کی طرف سے سپاس نامہ پیش کیا اور فٹ بال گرانڈ کے قریب وٹرنری ہسپتال ختم کرنے کا اور نئے کھیل کے میدان مہیا کرنے کا مطالبہ کیا جو گورنر پنجاب نے منظور کر لیا ۔پروگرام کے اختتام پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور ایم این اے رانا افضال حسین نے شہریوں کی طرف سے گورنر پنجاب کو شیلڈ پیش کی