پاکستان اور ترکی کے تعلقات ایک تابناک دور میں داخل ہوچکے ہیں، ترکی جنگ اور امن دونوں صورتوں میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے‘ شہباز شریف،دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دیرینہ بھائی چارے کے جذبات کو معاشی تعاون کی شکل دینے کا اعزاز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو حاصل ہے،ترکی اور پاکستان ترقی کے سفر پر قدم سے قدم ملا کر چلیں گے، ترکی نے گارمنٹس، ہاؤسنگ، کنسٹرکشن، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں پنجاب کے عوام کیلئے تربیتی سہولتیں مہیا کرنے کا یقین دلایا ہے، ترکی آمد پر ہمارے لئے جس محبت کا مظاہرہ کیا گیا ہے وہ پاک ترک دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے:شہباز شریف کا ترک وزیراعظم کے ہمراہ وان میں عوامی اجتماع سے خطاب،ترک وزیراعظم طیب اردگان کا پاک ترک دوستی کے فروغ میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کے کردار کو شاندار خراج تحسین

ہفتہ 26 اکتوبر 2013 22:18

وان (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26اکتوبر۔2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات ایک تابناک دور میں داخل ہوچکے ہیں اور یہ اعزاز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو حاصل ہے کہ اس نے پاکستان اور ترکی کے عوام کے درمیان دیرینہ بھائی چارے کے جذبات کو معاشی تعاون کی شکل دی ہے۔وہ ترکی کے تاریخی شہر وان میں ترکی کے وزیراعظم طیب اردگان کے ہمراہ ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

اجتماع میں موجود عوام کی بڑی تعداد نے ترکی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔وزیراعظم ترکی نے اپنی تقریر میں ایک سے زیادہ مرتبہ پاکستان سے ترکی کی محبت اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کے پاک ترک دوستی کے فروغ میں کردار کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان اور شہباز شریف کا ذکر آنے پر جلسہ گاہ میں موجود عوام پاکستان زندہ باد، شہباز شریف زندہ باد کے نعرے بلند کرتے رہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب اور ترکی کے درمیان تربیتی سہولتوں میں تعاون کا ایجنڈا لے کر ترکی آیا ہوں۔ انہو ں نے کہا کہ ترکی نے گارمنٹس، ہاؤسنگ، کنسٹرکشن، ہیلتھ اور ایجوکیشن میں پنجاب کے عوام کیلئے تربیتی سہولتیں مہیا کرنے کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ائیرپورٹ پر اور اس جلسہ گاہ میں میرے لے جس محبت کا مظاہرہ کیا ہے وہ پاک ترک دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ترکی آج دنیا کی 16 ویں معاشی طاقت بن چکا ہے اس کی مثال صرف اسلامی دنیا ہی نہیں بلکہ دوسرے ممالک کیلئے قابل تقلید ہے۔ ہم ترکی کے نقش قدم پر چل کر انشا اللہ اقوام عالم میں وہ مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے جو آج ترکی کو حاصل ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترکی جنگ اور امن دونوں صورتوں میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ پاکستانی عوام زلزلے اور سیلاب کے دوران اپنے ترک بھائیوں کی محبت نہیں بھول سکتے۔ پنجاب میں ترک بھائیو ں کے تعاون سے ہونے والی سرمایہ کاری پنجاب کے عوام کیلئے باعث اعزاز ہے۔ طیب اردگان ایک عظیم لیڈر ہیں اور وزیراعظم نواز شریف ان کی دل سے قدر کرتے ہیں۔ ترکی اور پاکستان ترقی کے سفر پر قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔