ایک ایک جان عزیز ہے، ڈینگی سے نمٹنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے‘ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف،متعلقہ محکمے اور منتخب نمائندے قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے انسداد ڈینگی کیلئے ، شب و روز ایک کر دیں ، بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے،انسداد ڈینگی اقدامات میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم،کمیٹی روزانہ صبح آٹھ بجے اجلاس منعقد کریگی، غیر ملکی دورے کے دوران بھی ویڈیو کانفرنس سے ہدایات جاری کرتا رہوں گا،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا لندن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے انسداد ڈینگی اجلاس سے خطاب

پیر 28 اکتوبر 2013 22:44

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28اکتوبر۔2013ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبے میں ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور انسداد ڈینگی کے لئے تمام وسائل بروئے کا رلائے جائیں ‘ ڈینگی کو پہلے بھی شکست دی اور اب بھی شکست دیں گے، ایک ایک جان عزیز ہے ، ڈینگی کے تدارک کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی‘متعلقہ محکمے اور منتخب نمائندے قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے انسداد ڈینگی کے لئے اپنے شب و روز ایک کر دیں اور ہسپتالوں میں ڈینگی کے مرض میں مبتلا مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں‘ انسداد ڈینگی کے حوالے سے کئے جانے والے احتیاطی اقدامات سے عوام کی آگاہی موثر مہم چلائی جائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے لندن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صوبائی وزراء ، منتخب نمائندوں، چیف سیکرٹری ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں،طبی ماہرین اورٹیچنگ ہسپتالوں کے پرنسپل صاحبان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان ، خلیل طاہر سندھو، بلال یاسین ، راجہ اشفاق سرور، تنویر اسلم ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی پرویز ملک، مہر اشتیاق ، محسن لطیف، میاں مرغوب ، غزالی بٹ اور دیگر منتخب نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے لندن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ڈینگی کے مرض کے تدارک کیلئے منتخب نمائندوں کے ساتھ انتظامی مشینری پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی ذمہ داری سے ادا کریں۔ انسداد ڈینگی کیلئے تمام محکموں اور منتخب نمائندوں کو چوکس رہنا ہوگا اور عوام کے تعاون سے اس موذی مرض کی روک تھام کے حوالے سے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ برس مربوط مہم چلا کر ڈینگی کے مرض کو بڑھنے سے روکا اور ضرورت اس امر کی ہے کہ رواں برس بھی 2012ء کی طرز پر موثر حکمت عملی اپناتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ مرض کی شدت میں خاطرخواہ کمی واقع ہوسکے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کمیٹی روزانہ صبح آٹھ بجے صوبے میں ڈینگی کے مرض کی صورتحال کا جائزہ لے اور اس کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھانے کیلئے اجلاس منعقد کرے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، شیخوپورہ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں صوبائی سطح کے ساتھ مقامی سطح پر بھی انسداد ڈینگی کیلئے اجلاس منعقد کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی کے اجلاس میں متعلقہ اضلاع کے منتخب نمائندے اور متعلقہ محکموں کے افسران اپنی حاضری یقینی بنائیں۔اجلاسوں میں شرکت نہ کرنے والے منتخب نمائندوں سے باز پرس کی جائے گی۔

انہو ں نے کہا کہ غیرملکی دورے کے باوجود وہ ڈینگی کی صورتحال کا خود جائزہ لے رہے ہیں اور غیر ملکی دورے کے دوران بھی خود ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صورتحال کا جائزہ اور ضروری ہدایات جاری کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے ڈینگی کے تدارک میں اپنا موثر کردار ادا کریں اور انتظامی مشینری کی مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے باعث خاتون کے جاں بحق ہونے پر انہیں دلی افسوس اور رنج ہوا ہے اور اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی کیلئے مہم قومی جذبے کے ساتھ چلائی جائے اور سرویلنس کے کام کو مزید موثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی ڈینگی مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور قائم کردہ خصوصی وارڈز میں مریضوں کا بہترین علاج معالجہ کیا جائے۔

انسداد ڈینگی مہم میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو بھی وضع کردہ پلان پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے اپنے اپنے دائرہ کار میں انسداد ڈینگی کیلئے اقدامات میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔قبل ازیں صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں اجلاس کے دوران صوبے میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران متعلقہ سیکرٹریز نے ڈینگی کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ منتخب نمائندوں نے انسداد ڈینگی مہم کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔