حکومت پنجاب نے بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی تشکیل نو کر دی ،اتھارٹی کے چیئر مین وزیر صحت خلیل طاہر سندھو ہونگے، آئندہ ہونے والیبلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی میٹنگ میں لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں کی رجسٹریشن کے بارے میں فیصلہ کیا جائیگا

جمعرات 31 اکتوبر 2013 17:05

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31اکتوبر 2013ء) حکومت پنجاب نے بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی تشکیل نو کر دی ہے جس کے چیئر مین وزیر صحت خلیل طاہر سندھو ہوں گے۔ان کے علاوہ دیگر ممبران میں اراکین پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق ،ڈاکٹر نادیہ عزیز،ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل )محکمہ صحت،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب،چیئر مین شیخ زید ہسپتال ،ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز پنجاب،پروجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام،پروفیسر آف ہیما ٹولوجی پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ ایل جی ایچ ،سینئر پروفیسر آف سرجری ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ فاطمہ جناح میڈیکل کالج سر گنگا رام ہسپتال ،پروفیسر آف میڈیسن ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سروسز ہسپتال،کمانڈنٹ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال،میڈیکل ڈائریکٹر میڈیکل ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوٹ ،نمائندہ فاطمید فاؤنڈیشن،نمائندہ پنجاب ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اورسیکرٹری پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ملک میں محفوظ اور بیماریوں سے پاک انتقال خون کو یقینی بنائے گی ،اس کے لئے تمام پرائیویٹ اور سرکاری بلڈ بنک جو کہ اتھارٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کام کریں گے ۔اتھارٹی ان کو ایک سال کی مدت کا لائسنس جاری کر ے گی۔سیکرٹری پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی نے بتایا کہ لائسنس کا اجراء بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے نہ ہونے کی وجہ سے رکا ہوا تھا ،اب اتھارٹی کی تشکیل نو سے رجسٹریشن اور لائسنسنگ کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا جارہا ہے ور آئندہ ہونے والی بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی میٹنگ میں لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں کی رجسٹریشن کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔