خطے میں امن چاہتے ہیں، ملکی خود مختاری کے خلاف کوئی اقدام قبول نہیں کرینگے ‘اسپیکر پنجاب اسمبلی ، بیر ونی ممالک سے ا مداد نہیں تجارت چاہتے ہیں، پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے ،حکومت پنجاب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے 102ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہے‘ رانا محمد اقبال کا خطاب

جمعرات 31 اکتوبر 2013 20:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2013ء) ا سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے کہاہے کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں مگر ملکی خود مختاری کے خلاف کوئی اقدام قبول نہیں کرینگے ‘ بیر ونی ممالک سے ا مداد نہیں تجارت چاہتے ہیں، پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے ، بیماری کا علاج، معالج اور معیاری ادویات کے بغیر ممکن نہیں ہے ، فارماسسٹ ہی وہ پرو فیشنلزہیں جو ادویات کی تیاری، کوالٹی کنٹرول،ان کی فروخت ، مریض تک ان کے پہنچنے اور استعمال تک کے تمام مراحل انتہائی ذمہ داری سے نبھاتے ہیں‘یہ بات خوش آئند ہے کہ ہمارے ملک کی میڈیسن انڈسٹری ترقی کر رہی ہے،حکومت پنجاب عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے 102ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار رانا محمد اقبال خاں نے ایک مقامی ہوٹل میں فارمیسی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں فری ادویات کی فراہمی اورحفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق طبی سہولیات مہیا پر کرنے پر جناب میاں محمد شہباز شریف مبارک باد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ میں جعلی ادویات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھا رہی ہے۔

دیہی مراکز میں ڈاکٹرز کی تعیناتی اور طبی سہولیات کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پنجاب حکومت اس وقت مریضوں کے علاج اور دیکھ بھال کے لیے ڈا ئیلسیزسنٹر، موبائل ہیلتھ یونٹ اور برن یونٹس قائم کر رہی ہے۔ آئیے ہم سب مل کروطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ قبل ازیں رانا محمد اقبال خاں نے فارمیسی کے مختلف سٹالزکا دور ہ بھی کیا۔