ڈینگی وائرس کے خلاف نوجوانوں نے معاشرتی شعور بیدارکرنے میں موثر کردار ادا کیا‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن ،ڈینگی کیخلاف حکومتی کاوشیں ایک مسلسل عمل ہے ،صوبائی وزیر نے واک کے شرکاء اور شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ پر مشتمل پمفلٹ تقسیم کئے

اتوار 3 نومبر 2013 16:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3نومبر۔2013ء) وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن، خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ ڈینگی طبی مسئلے کی بجائے سماجی مسئلہ ہے ا ور اکثر ممالک کی حکومتوں نے ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لیے موثر اوربروقت اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ رائے عامہ کو بھی بیدار کیا اورہم بھی عوام کے تعاون اورشمولیت سے ڈینگی وائرس کو پھیلنے سے روک لیں گے‘ ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لئے حکومت پنجاب نے تمام ممکنہ وسائل مہیاکیے ہیں‘ انہوں نے سوشل ورکرز سے کہا کہ وہ ڈینگی مچھر سے بچاوٴ کی احتیاطی تدابیر سے عوام کو آگاہ کر کے سماجی مہم میں اپنا کردار ادا کریں‘ گزشتہ سال ڈینگی وائرس کے خلاف طلباء و طالبات نے معاشرتی شعور بیدارکرنے میں موثر کردار ادا کیا اوراس سال بھی بیداری مہم کے لئے حکومت نے صوبہ کے تمام سکولزکوہر ممکن وسائل مہیاکیے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کی جانب سے جیل روڈ پر ڈینگی آگہی واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری ایکسائز شاہد اشرف تارڑ ،ڈائریکٹر جنرل نسیم صادق ، ڈائریکٹرز اکرم گوندل ، ملک عمران ، محکمہ کے حکام اور عوام کی بڑی تعداد اس موقع پر موجودتھی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے پی آئی سی چوک پر شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ پر مشتمل پمفلٹ تقسیم کئے۔

قبل ازیں شالیمار ٹاؤن میں منعقدہ ڈینگی آگہی واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ محمد شہباز شریف کی قیادت میں ڈینگی کے تدارک کے لئے ہم نے بھرپور کاوشیں کیں اور ڈینگی کے خلاف یہ جنگ اس کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس سے بچنے کے لئے نوجوانوں سمیت معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار اداکرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے کی تلقین کی جائے تا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش نہ ہو اور ڈینگی بخار سمیت دیگر متعددی بیماریوں سے بچا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :