مشیر وزیر اعلیٰ بلوچستان کی طرف سے بلوچستان کے لوگوں کو طبی سہولیات کی فراہمی پر شہباز شریف ،پنجاب کے ڈاکٹروں کو خراج تحسین

اتوار 3 نومبر 2013 16:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3نومبر۔2013ء) مشیر وزیراعلی بلوچستان عبیداللہ جان بابت نے بلوچستان سے علاج کیلئے پنجاب آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کرنے پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ عبیداللہ جان بابت کی طرف سے لگے گئے خط میں بلوچستان سے آئے ہوئے مریضوں سے مکمل تعاون کرنے پر لاہور جنرل ہسپتال کے پروفیسر طارق صلاح الدین، پروفیسر غیاث النبی طیب اور ایم ایس ڈاکٹرامجد شہزاد، ڈاکٹرمختار ایم ایس کارڈیالوجی ہسپتال ملتان، ڈاکٹر صلاح الدین ڈپٹی ایم ایس جناح ہسپتال لاہور، ایم ایس نشتر ہسپتال ملتان اور پروفیسر شہریار پرنسپل کینسر ریسرچ سنٹر کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے ۔

مشیر وزیر اعلی بلوچستان عبیداللہ جان بابت جو ضلع لورالائی سے منتخب ایم پی اے ہیں ،نے پنجاب میں صحت ، تعلیم اور ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں ترقی کو وزیراعلی محمد شہباز شریف کی شبانہ روز کوششوں کا ثمر قرار دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن پر اہل پنجاب کے اظہار اعتماد کی وجہ یہی ہے کہ پارٹی قیاد ت نے صوبے کو ترقی کے لحاظ سے رول ماڈل بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے شہروں بالخصوص لورالائی کے ضلع میں ہیپاٹائٹس، امراض قلب اور کینسر کے امراض عام ہیں۔ ایسے مریض جب علاج کیلئے پنجاب جاتے ہیں تووہاں کے طبی اداروں کے مذکورہ بالا سربراہان و سنیئر پروفیسر صاحبان ان کا خاص خیا ل رکھتے ہیں اور ان کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نے اپنی محبت اور اخوت سے اہل بلوچستان کے دل جیت لیے ہیں۔