حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کی طرف سے اینٹی ڈینگی ڈے سے متعلق سیمینارکا انعقاد ،شرکاء کو ڈینگی مچھر سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی،روک تھام، تلفی ، بخار سے بچاؤں سے متعلق احتیاطی تدابیر بارے بریفنگ دی گئی

اتوار 3 نومبر 2013 17:24

راولپنڈی/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3نومبر۔2013ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کی طرف سے اینٹی ڈینگی ڈے سے متعلق میڈیا لائزان یونٹ میں سیمینارکا انعقاد کیا گیا ۔ سیمینار میں ای ڈی او زراعت راولپنڈی ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر ، ڈی او زراعت ڈاکٹر محمد عارف خان ، ڈپٹی ڈائریکٹر فروٹ اینڈ ویجیٹیبل پروجیکٹ سجاد حیدر ، انٹومالوجسٹ ڈاکٹر خاور جاوید ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر میڈیالائزان یونٹ نظامت زرعی اطلاعات پنجاب بابرلطیف بلوچ کے علاوہ محکمہ زراعت کے افسران وعملہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پرڈاکٹر خاور جاوید نے بتایا کہ ڈینگی بخارپاکستان سمیت124 سے زائد ممالک میں پایا جاتا ہے ۔ سیمینار کے شرکاء کو ڈینگی مچھر سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈینگی مچھر کی افزائش کی روک تھام ، تلفی اور ڈینگی بخار سے بچاؤ سے متعلق احتیاطی تدابیر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ ڈینگی وائرس پھیلانے والے مچھر کی مخصوص قسم ایڈیز کم از کم 16 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش کے لئے درختوں میں موجود سوراخ ، پرانے ٹائر، گملوں اور کولروں میں موجود پانی، کبوتروں اور پالتو پرندوں کے پینے کا پانی، کچرے کے ڈھیر، شاپر ، خالی بوتلیں اور قبرستان میں نیچی جگہوں پر جمع ہونے والا پانی ڈینگی مچھر کی افزائش کا سبب ہیں اور ان جگہوں کو خشک اور صاف ستھرارکھ کر ڈینگی مچھر کو موثر طور پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر عارف خان نے ڈینگی کے انسداد کے متعلق بتایا کہ ابھی تک اس مرض کے لئے کوئی قابل ذکر علاج میسر نہیں اور ویکسین بھی ریسرچ مراحل میں ہے۔ لہٰذا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے گھروں اور ماحول کو صاف رکھیں اورکہیں پانی کھڑا نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی مچھروں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ ہوسکے۔اس موقع پرای ڈی او زراعت ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے بتایاکہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ سال ڈینگی کو سب سے زیادہ پھیلنے والی وبائی مرض قرار دیا گیا ہے اور گزشتہ 50سال سے اس وباء کے پھیلاؤ میں 30گنا اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے حکومت پنجاب کی کامیاب حکمت عملی اور متعلقہ محکموں کی شب وروز کاوشوں کی بدولت گزشتہ سال صوبہ پنجاب میں ڈینگی وباء پر مکمل کنٹرول رہا ہے اور کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔ انہوں نے سیمنار کے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی کے کنٹرول اور انسداد سے متعلق معلومات اپنے گھروں، قریبی عزیز رشتہ داروں اور محلہ کی سطح پرباہم پہنچا کر اچھے اور ذمہ دارشہری ہونے کا ثبوت دیں کیونکہ کسی بھی آفت سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے حکومت کے ساتھ سول سوسائٹی کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مہم میں عوام الناس کی بھرپور شرکت سے ڈینگی مچھر اور ڈینگی بخار کی وبائی مرض سے باآسانی چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔سیمنار کے بعد محکمہ زراعت کی طرف سے فاروق اعظم روڈ سے مری روڈ تک واک کا اہتمام بھی کیاگیا جس میں محکمہ زراعت کے افسران و عملہ اور عوام انسان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ واک کے دوران ڈینگی سے متعلق آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :