Live Updates

ڈینگی مریضوں کے علاج معالجے پر بھرپور توجہ اور مرض کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادو ں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں،محمد شہباز شریف ،حکومتی اداروں کی طرف سے کی جانیوالی کوششوں کیساتھ ساتھ شہری خودبھی اپنے گھروں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھیں ،ڈینگی مریضوں کے علاج معالجے اور دیکھ بھال کیلئے ڈاکٹروں او رپیرا میڈیکل سٹاف کا جذبہ اور کاوشیں لائق تحسین ہیں، وزیراعلی پنجاب

اتوار 3 نومبر 2013 22:39

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3نومبر۔2013ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے پر بھرپور توجہ اور اس مرض کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادو ں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں ․ حکومتی اداروں کی طرف سے کئے جانیوالی کوششوں کیساتھ ساتھ شہری خودبھی اپنے گھروں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھیں اور ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر مکمل طور پرعمل کریں․ انہو ں نے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے اور دیکھ بھال کیلئے ڈاکٹروں او رپیرا میڈیکل سٹاف کا جذبہ اور کاوشیں لائق تحسین ہیں ․ وزیر اعلی نے ڈینگی مرض کی تشخیص کیلئے جدید مشین آج شام تک خرید کر ہولی فیملی ہسپتال کے حوالے کرنے کے احکامات بھی دیئے ۔

اس امر کا اظہار انہو ں نے آج ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ․ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی, سیکرٹری صحت پنجاب احسن اقبال , پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج و الائیڈ ہاسپٹلز پروفیسر محمد عمر, ہسپتال کے ایم ایس اور ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے صوبے کے تمام ہسپتالوں میں بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے اور ہسپتالوں کا عملہ ڈینگی کے خصوصی وارڈز میں ہمہ وقت خدمات کیلئے سرگرم عمل ہے ․ انہو ں نے کہا کہ ڈینگی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اور سرکاری محکموں کیساتھ ساتھ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو ڈینگی کے بارے میں آگاہی اور اس جان لیوا مرض کے سدباب کیلئے کی جانے والی کوششوں میں شریک کیا جا رہا ہے ․ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ڈینگی پر قابو پانے کیلئے پوری طرح متحرک ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ․ انہو ں نے کہا کہ تمام شہری مشترکہ کوششوں سے اس مرض پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے اور ڈینگی پر مکمل کنٹرول تک یہ کوششیں اسی طرح جاری رہیں گی ۔

وزیر اعلی محمد شہباز شریف ہولی فیملی ہسپتال کے دورے کے موقع پر زیر علاج ڈینگی کے مریضوں کے پاس گئے اور فردا فردا ان سے ہسپتال میں مہیا کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ․ زیر علاج مریضوں نے علاج معالجے کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا او رحکومت کی طرف سے سرکاری ہسپتالوں میں دستیاب کی گئی ڈینگی کے علاج کی بہترین سہولیات پر وزیر اعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیا ․ محمد شہباز شریف نے ہولی فیملی ہسپتال کی طرف سے علاج کے دوران ادویات کی فراہمی کے بارے میں بھی مریضوں سے استفسار کیا ․ جنہوں نے بتایا کہ انہیں ہر قسم کی ادویات مفت مہیا ہو رہی ہیں․ وزیر اعلی نے کہا کہ ڈینگی ایک قابل علاج مرض ہے او راسی نقطہ نظرکے تحت حکومت کی طرف سے گزشتہ سال کی طرح ہسپتالوں میں ڈینگی کے خصوصی وارڈز قائم کر کے مریضوں کے علاج معالجے پر خصوصی توجہ دی ہے ․ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خصوصی تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے ․ تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر کے اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ علاج , احتیاطی تدابیر سے آگاہی اور صحت و صفائی کی صوتحال بہتر بنانے پر اولین توجہ دی جائے اور اس حکمت عملی کی وجہ سے جس تیزی سے ڈینگی کا حملہ ہوا اس پر کم سے کم وقت میں قابو پانے میں مدد ملی ․ وزیر اعلی نے ڈینگی کے علاج پر مامود ڈاکٹروں او رپیرا میڈیکل سٹاف کے اراکین سے بھی بات چیت کی اور ان کے جذبے کی تعریف کی جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں ڈینگی کے مریض صحتیاب ہو کر واپس جا چکے ہیں ․ اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب احسن اقبال نے وزیر اعلی پنجاب کو راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کے لیئے کی گئی کوششوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ عوامی نمائندوں کی معاونت , ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور سرکاری محکموں کے تعاون سے ڈینگی کے خلاف موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں ․ پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج پروفیسر محمد عمر نے ہولی فیملی اور راولپنڈی کے دیگر ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات