امریکہ نے امن کوششوں کو دھچکا پہنچانے کی سازش کی، جواب دینگے،پرویز خٹک،تحریک انصاف کی اصلاحات خیبر پختونخواہ میں تیز رفتار ترقی ، انصاف کو یقینی بنا رہی ہیں،صوبہ احتساب، مفت تعلیم اور طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب پیش رفت کر رہا ہے،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا،دہشت گردی کا خاتمہ سنجیدہ کوششوں، اقتصادی مواقع کی فراہمی سے منسلک ہے، ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

اتوار 3 نومبر 2013 22:39

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3نومبر۔2013ء) خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ امریکہ نے ڈرون حملہ کر کے پاکستان میں امن کوششوں کو نقصان پہنچانے کی سازش کی جس کی بھرپور مزمت کے علاوہ دیگر اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔یہ واضع ہو گیا ہے کہ امریکہ اس خطہ میں امن کو اپنے مفادات کے منافی سمجھتا ہے اور آئندہ بھی سازشوں میں مصروف رہے گا۔

ہماری سیاسی، سماجی و اقتصادی اصلاحات صوبہ کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنا رہی ہیں۔کرپشن کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے جلد ہی ایک آزاد اور با اختیار احتساب کمیشن کام شروع کر دے گاجو وزیر اعلیٰ کو بھی گرفتار کر سکے گا۔ہم مفت اوریکساں نصاب تعلیم اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں جبکہ تعلیم کے شعبہ کی ترقی کے لئے مخیر حضرات اربوں روپے عطیہ کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے یہ بات گزشتہ روز پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ عسکریت پسندی کے خاتمہ کے لئے علماء کی سنجیدہ کوششوں اور اقتصادی مواقع کی فراہمی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔اگر مرکزی حکومت طالبان سے با مقصد مزاکرات میں سستی کرتی رہی تو تحریک انصاف از خود مزاکراتی عمل شروع کر دے گی اور اگر ڈرون حملے جاری رہے تو ناٹو سپلائی روک دی جائے گی۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہم عوام کو مایوسی سے نکال کر امید کا پیغام دینا چاہتے ہیں جس کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ عالمی قوتیں پاکستان میں امن نہیں چاہتیں۔ انھوں نے کہا کہ امن کے لئے سنجیدہ کوششیں بڑھانے، انصاف اور روزگار کی فراہمی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ مرکزی حکومت اقتصادی اصلاحات کے نام پر عوام کو بے وقوف اور عالمی ساہوکاروں کاغلام بنانے میں مصروف ہے مگر اسکی سازشیں کامیاب نہیں ہونگی۔